• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناءاللّٰہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللّٰہ کی جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی تو سیع  کردی گئی۔

رانا ثناءاللّٰہ اپنے 4 ساتھیوں سمیت لاہور کی ضلع کچہری میں پیش ہوئے، جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں رانا ثناءاللّٰہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، اس سلسلے میں انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے لیگی رہنما کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔

سماعت کے دوران رانا ثناءاللّٰہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ابھی تک چالان پیش نہیں کیا گیا ، ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، رانا ثنا کو دل کی تکلیف ہے ، فائل ، ادویات اور موبائل فون حکام کے پاس ہے۔

رانا ثناءاللّٰہ نے عدالت میں جج سےمکالمہ کیا کہ میرا مؤقف سرکاری طور پر نہیں لکھا گیا، کل ایک ٹیم نے تفتیش کی لیکن تمام تفصیلات مجھے ابھی تک نہیں دی گئیں، مگر مجھے ابھی ریکارڈ نہیں ملا۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک اے این ایف حکام ریکارڈ پیش نہیں کرتے سماعت نہیں ہوگی۔

ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر ن لیگ کے رہنما رانا ثناءاللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے خلاف کارروائی صرف سیاسی انتقام کی خاطر کررہی ہے، وہ ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، وہ ظلم کو للکارنے پر یقین رکھتے ہیں، نواز شریف اور اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ حکمران ٹولہ ملک کو خانہ جنگی کی دہلیز پر لے آیا ہے، وہ اپنے سیاسی مخالفین پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنا رہے ہیں، میں ڈرنےوالا نہیں، اپنے لیڈر نواز شریف اور اپنی جماعت کے ساتھ کھڑا ہوں۔

تازہ ترین