• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ایئر پورٹ پر پرندوں کی بھرمار، فلائٹس متاثر

لاہور ایئر پورٹ پر پرندوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے باعث رن وے عارضی طور پر بند رہا اور سول ایوی ایشن انتظامیہ کو آج صبح ایئر پورٹ بند کرنا پڑ گیا۔

لاہور ایئر پورٹ کی بندش کے باعث پی آئی اے کی لاہور آنے اور جانے والی پروازیں متاثر رہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کے گرد شادی ہالوں کی بھر مار ہے، جہاں سے پھینکا جانے والا کھانا پرندوں کو وافر مقدار میں ملتا ہے اور اس وجہ سے ایئر پورٹ پر پرندوں کا راج ہے، پرندوں کی موجودگی کے باعث پروازیں متاثر ہوئیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ پیرس سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 734 سیالکوٹ ایئر پورٹ پر اتار لی گئی، جبکہ مدینہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 3042 ملتان میں اتار لی گئی۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ رن وے سے پرندے اڑانے کے بعد 2 پروازیں واپس لاہور میں متبادل ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئیں، مسافروں اور طیاروں کی حفاظت کے مدِنظر دونوں پروازوں کو متبادل ایئر پورٹ پر اتارا گیا جس کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ترجمان پی آئی اے نے مزید بتایا ہے کہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 759 اور لاہور سے کوپن ہیگن اور اوسلو جانے والی پرواز پی کے 751 کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔

ترجمان پی آئی اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسافروں کو ہونے والی زحمت پر ادارہ معذرت خواہ ہے۔

ادھر سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کے گرد شادی ہالز کے بارے میں متعدد بار ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا، تاہم شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس سے کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین