وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کیپٹل ون ارینا کا دورہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان اپنے دورۂ امریکا کے دوران واشنگٹن کے اسی ارینا میں پاکستانیوں سے خطاب کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ارینا میں کمیونٹی ایونٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر سینیٹر عبداللّٰہ ریار نے انہیں انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم نے پاکستانیوں سے ملاقات کو خاص طور پر اپنے پروگرام میں شامل کیا ہے۔
اس سے قبل ایک بیان کے ذریعے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کی دورۂ امریکا کی مصروفیات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس کا دورہ بھی کریں۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ملاقات دو نشستوں میں ہو گی، پہلی نشست اوول آفس اور دوسری کیبنٹ روم میں ہو گی۔
وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ دورۂ امریکا کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے ورلڈ بینک کے وفد سے مذاکرات بھی ہوں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرکاری مصروفیات کے بعد وزیر اعظم کیپٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی اور اس کے بعد پاکستان بزنس سمٹ سے خطاب کریں گے۔