اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ رانا ثنا ء اللّہ نے تفتیشی افسر کو دیئے گئے بیان میں منشیات کا کاروبار کرنے کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ سیاست میں پیسے کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے وہ اس کاروبار سے جڑے۔
جیو نیوز نے رانا ثناء اللّہ کے خلاف اے این ایف کے چالان کی کاپی حاصل کرلی۔
عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں اے این ایف کی جانب سے مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللّہ نےکہا وہ فیصل آباد میں مقامی افغانیوں سے نارکوٹکس لے کر دوسرے ڈرگ کا کاروبار کرنے والوں کو اسمگل کرتےتھے، پھر یہ ڈرگ بیرون ملک اسمگل کی جاتی تھی۔
رانا ثناء کے وکیل جاوید اعوان ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ اُن کے موکل پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
رانا ثناء اللّہ کے اہل خانہ نے اُن پر لگائے گئے تمام الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ساری کہانی جھوٹی ہے اور رانا ثناء کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔