اسٹیک ہمارے ہاں مقبول ہوتی ہوئی مزیدار ڈش ہے۔ یہ ہمارا روایتی پکوان نہیں ہے مگر بچے ،بڑے سبھی شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں۔اسے بغیر ہڈی کے گوشت کے صا ف ٹکڑے سے تیار کیا جاتا ہے۔یہ چکن ،بیف اور فش کے گوشت سے تیار کی جاتی ہے۔سب سے زیادہ بیف اسٹیکس پسند کی جاتی ہیں۔ہمارے ہاں مختلف ریسٹورنٹس میں اسٹیک بہت زیادہ مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔یہ صرف باہر ریسٹورنٹس میں ہی نہیں گھر پر بھی باآسانی تیار کی جاسکتی ہے۔اسٹیک کو میش پوٹیٹو اور مختلف فریش ویجی ٹیبلز کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔اپنی پسند کے مطابق مختلف سوسز کے ساتھ طرح طرح کے اسٹیکس بنائے جا سکتے ہیں۔یہ ہلکے کھانوں میں آتا ہے بہت بھاری نہیں ہوتے۔اپنی مرضی کے مطابق ہی مصالحے تیز یا کم رکھےجاسکتے ہیں۔ کئی لوگ جو وزن کم کرنا چاہتے ہوں وہ اسٹیک کو اپنی خوراک کا حصہ باآسانی بنا سکتے ہیں۔چند مزیدار اسٹیکس کی تراکیب توجہ فرمائیں۔
پیپر چکن اسٹیک
اجزاء۔
چکن بریسٹ ۔چار عدد
لیموں کا چھلکا۔ ایک عدد
شہد ۔چار کھانے کے چمچ
کْٹا لہسن ۔دو جوئے
کْٹی کالی مرچ۔ دو چائے کے چمچ
نمک ۔حسب ِذائقہ
تیل ۔چار کھانے کے چمچ
چھوٹے آلو۔ بارہ عدد
ترکیب۔
چکن بریسٹ کے سلائس کرکے اس پر ہلکے کٹ لگائیں۔ اور ان پر ایک ایک کرکے دو کھانے کے چمچ تیل ، نمک، کْٹی کالی مرچ لگا دیں۔شہد میں دو کھانے کے چمچ تیل، کْٹا لہسن، لیموں کی چھال مکس کریں اور یہ مکسچر بریسٹ سلائس پر لگا کے دس منٹ چھوڑ دیں۔گرل پین کو ہلکا سا تیل لگا کے گرم کرلیں اور اس پر بریسٹ سلائس دونوں طرف سے گرل کرلیں۔جو میرینیٹڈسوس بچ جائے اْسے اتنا پکا لیں کہ وہ گاڑھی سوس بن جائے۔گرل بریسٹ سلائس پلیٹر میں نکالیں اوپر سوس ڈالیں اور پیش کریں۔آلوؤں پر نمک اور دو کھانے کے چمچ تیل لگا کے کچھ دیر رکھ دیں کہ ان میں نمک جذب ہو جائے۔ پھر ان کو المونیم فوائل میں لپیٹ کے200ڈگری پر گرم اوو ن میں بیس منٹ کیلئے رکھ دیں۔ المونیم فوائل سے نکال کے پلیٹ میں نکالیں اور پیش کریں۔
چکن اسٹیک ود مشروم سوس
اجزاء۔
چکن بریسٹ۔ایک عدد
کریم۔ڈیڑھ کپ
لہسن۔چار سے چھ جوے
مشروم۔ایک کپ
ترکیب۔
چکن بریسٹ کو صاف کر کے ہیمر سے کُوٹ لیں۔ایک برتن میں تھوڑا آئل، کٹے لہسن اور نمک ڈال کر اس میں چکن کو میری نیٹ کریں۔اب گرل پین کو گرم کر کے اس پر تھوڑا آئل ڈالیں اور چکن کو گرل کر لیں۔پھر فرائنگ پین کو چولہے پر گرم کر کے لہسن سوتے کر لیں اور اس میں سلائس کٹ مشروم، کریم اور نمک شامل کر کے تھوڑا پکائیں۔اب گرل چکن اسٹیک کو پلیٹر میں نکال کر مشروم سوس اس پر ڈالیں اور ٹماٹر سے گارنش کر کے سرو کریں۔
چکن فرائیڈ اسٹیک ود گریوی
اجزاء۔
چکن اسٹیک ۔چھ عدد
میدہ ۔ڈیڑھ پیالی
انڈے ۔چار عدد
نمک۔ حسبِ ذائقہ
سیاہ مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
سرخ مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)
دودھ۔ ڈیڑھ پیالی
پارسلے۔ گارنشنگ کےلئے (کٹے ہوئے)
ویجیٹبل آئل۔ آدھی پیالی
ترکیب۔
اسٹیکس کو چھری یا کانٹے کی مدد سے گود لیں اور ٹرے میں رکھیں۔اب نمک اور سیاہ مرچ ملا دیں۔پھر پیالے میں میدہ اور کُٹی ہوئی مرچ ملا لیں اور علیحدہ پیالے میں انڈے پھینٹ لیں۔اسٹیکس کو پہلے میدے سے کوٹ کریں پھر انڈوں کو ڈپ کرکے دوبارہ میدے سے کوٹ کریں۔اب بڑے فرائنگ پین میں آئل گرم کریں اور احتیاط سے اسٹیکس ڈال دیں، اسٹیکس دونوں اطراف سے گولڈن ہونے چاہئے۔ آئل سے نکال کر جاذب کاغذ پر رکھیں۔ پین میں دو کھانے کے چمچ آئل گرم کرکے بچے ہوئے میدے کے مکسچر کے تین کھانے کے چمچ آئل میں ڈال کر پیسٹ بنالیں۔
پیسٹ گولڈن براؤن ہو جائے تو ایک ایک چمچ دودھ شامل کرتے جائیں۔
گریوی گاڑھی سوس کی طرح بن جائے تو حسبِ ذائقہ نمک اور سیاہ مرچ ڈالیں۔
سرونگ ڈِش میں اسٹیکس رکھ کر اوپر سے گریوی ڈال دیں اور پارسلے چھڑک دیں۔
آخر میں تلی ہوئی اسٹیک اُبلے ہوئے چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔
اٹالین اسٹیک
اجزاء۔
بون لیس چکن بریسٹ۔دو عدد
کالی مرچ۔آدھا چائے کا چمچ
نمک۔آدھا چائے کا چمچ
لہسن کا پیسٹ۔آدھا چائے کا چمچ
ٹماٹر کا پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ
کیچپ۔ایک چائے کا چمچ
مشروم سلائس۔تین عدد
کالے زیتون سلائس۔تین عدد
کدوکش چیڈر چیز۔دو کھانے کے چمچ
تیل۔ایک کھانے کا چمچ
(اسپائسی اٹالین سوس کے لیے)
تیل۔ایک کھانے کا چمچ
مکھن۔ایک کھانے کا چمچ
لہسن پیسٹ۔آدھا چائے کا چمچ
نمک۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ
کُٹی کالی مرچ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ
کُٹی لال مرچ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ٹماٹر کا پیسٹ۔ایک کھانے کا چمچ
اوریگانو لیوز۔آدھا چائے کا چمچ
کیچپ۔ایک کھانے کا چمچ
کریم۔دو کھانے کے چمچ
ترکیب۔
بون لیس چکن بریسٹ کو ہیمر سے چپٹا کر لیں۔
اس پر نمک، کالی مرچ، لہسن کا پیسٹ، ٹماٹر کا پیسٹ، کیچپ اور تیل لگا کر ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
اب مکھن گرم کر کے میرینیٹ کیے ہوئے اسٹیک کو دونوں جانب سے گرل کر لیں۔
اس میں تیار کیا ہوا سوس ڈالیں اور مزید دو منٹ پکائیں۔
اب چولہے سے ہٹا کر سلائس میں کٹے مشروم، کٹے کالے زیتون اور کدوکش چیڈر چیز ڈالیں۔
پھر اسے پگھل جانے تک مزید گرل کریں۔
آخر میں فرنچ فرائز اور ابلی سبزیوں کے ساتھ پیش کریں۔
(سوس بنانے کے لیے)
ایک سوس پین میں تیل اور مکھن گرم کریں۔
اس میں لہسن کا پیسٹ، ٹماٹر کا پیسٹ، کیچپ، نمک، کُٹی کالی مرچ، کُٹی لال مرچ، اوریگانو لیوز اور کریم ڈال کر دو منٹ پکائیں اور پھر چولہے سے ہٹا لیں۔
بیف مسٹرڈ اسٹیک
اجزاء۔
بیف انڈرکٹ۔500 گرام
رائی دانہ پسا۔آدھا چائے کا چمچ
مسٹرڈ پیسٹ۔ 1چائے کا چمچ
کالی مرچ۔1چائے کا چمچ
لال مرچ۔ 1چائے کا چمچ
تھائم۔1چائے کا چمچ
نمک۔حسب ذائقہ
ادرک لہسن پیسٹ۔آدھا چائے کا چمچ
تیل۔2کھانے کے چمچ
ترکیب۔
انڈرکٹ بیف کو ہیمر سے چپٹا کر لیں تاکہ اس کا ریشہ ٹوٹ جائے۔
سارے مصالحے ادرک لہسن پیسٹ کے ساتھ ایک بائول میں مکس کریں اور ان کو بیف اسٹیک کے اوپر اچھی طرح لگا دیں۔
گرل پین پر آئل لگا کے اسے گرم کرلیں اور اس کے اوپر بیف اسٹیک کو درمیانی آنچ پر دونوں طرف سے پکا لیں۔
ڈش میں نکالیں اور ہرا دھنیا سے گارنش کرکے سرو کریں۔
بیف اسٹیک ود براؤن سوس
اجزاء۔
بیف انڈرکٹ ۔آدھا کلو
پیاز۔ ایک عدد
لیموں کا رس ۔دو عدد
تیل۔ آدھا کپ
میدہ ۔آدھا کپ
ووسٹر شائر سوس۔ ایک چوتھائی کپ
مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ
ایچ پی سوس۔ دوکھانے کے چمچ
سفید سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ
کالی مرچ۔ دو کھانے کے چمچ ﴿کٹی ہوئی
نمک۔ حسب ذائقہ
ترکیب۔
۔سب سے پہلے آدھا کلو بیف انڈر کٹ کواسٹیک کی شکل میں کاٹ کر اسے ہیمر سے تھوڑا سا پریس کرلیں۔
۔اب ایک الگ پیالے میں تیل، لیموں کا رس، مسٹرڈ پیسٹ، ایک چوتھائی کپ، ووسٹر شائر سوس،سفید سرکہ، ایچ پی سوس، ادرک لہسن کا پیسٹ اور کٹی کالی مرچ شامل کرکے خوب اچھی طرح مکس کرلیں۔
۔پھر اس پیسٹ میں اسٹیک پندرہ سے بیس منٹ میری نیٹ کریں اور گرل پین میں گرل کرلیں۔
۔اس کے بعد الگ پین میں میدے کو بھون کر ایک طرف رکھ دیں۔
۔اب پیاز کو بالکل باریک کاٹ کر تھوڑے سے تیل میں براؤن کرلیں۔
۔پھر اس میں ایک گلاس پانی شامل کرکے نمک اور کُٹی کالی مرچ، ایک کھانے کا چمچ ووسٹرشائر سوس ڈال کر پکائیں جب اُبلنے کے قریب ہوجائے تو بھنا ہوا میدہ ڈال کر اسے گاڑھا کرلیں۔
۔سوس تیار ہونے پر پلیٹر میں اسٹیک نکال کر اوپر سے سوس ڈال کر پیش کریں۔
فش اسٹیک
اجزاء۔
فش اسٹیک۔ تین سو گرام (بون لیس)
کڑی پتے۔ دو سے تین عدد ﴿باریک کٹے ہوئے
ٹماٹر۔ چار ٹکڑے
ہرے زیتون۔ آدھا کپ
لہسن۔ دو سے تین جوے ﴿کٹا ہوا
کالی مرچ ۔ایک چائے کا چمچ ﴿کُٹی ہوئی
تھائم۔ ایک چائے کا چمچ
روزمیری لیوز ۔ایک کھانے کا چمچ
بیزل کے پتے۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿باریک کٹے ہوئے
پارسلے۔ دو کھانے کے چمچ
اوریگانو ۔ایک کھانے کا چمچ
زیتون کا تیل۔ تین کھانے کے چمچ
لیموں کا رس۔ ایک سے دو کھانے کے چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
ترکیب۔
1۔ایک پیالے میں زیتون کا تیل، ہرے زیتون، بیزل کے پتے، کڑی پتے، اوریگانو، پارسلے، روزمیری، تھائم، لہسن اور ٹماٹر ڈالیں اور اچھی طرح سے مکس کریں۔
2۔اب اس میں فش اسٹیک ڈال دیں اورمیری نیٹ کرلیں۔
3۔پھر ایک مکسنگ باؤل میں نمک، لیموں کا رس اور کالی مرچ کو مکس کریں اور اسٹیک پر اچھی طرح سے لگالیں۔
4۔اب اسے پلاسٹک میں لپیٹ کر آدھے سے ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔
5۔اس کے بعد اسے فریج سے نکال کر تھوڑی دیر کے لیے چھوڑ دیں۔
6۔اب گرل پین کو گرم کرکے اسٹیک کو دونوں طرف سے گرل کرلیں۔
7۔پھر بچی ہوئی میری نیشن کو تیز آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ وہ گاڑھا ہوجائے۔
8۔اب اسٹیک کو سرونگ ڈش میں نکال کر اُوپر سے سوس ڈالیں اور ٹماٹر کے سلائس سے گارنش کرکے پیش کریں۔