• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے سی نہ ہونے سے نواز شریف کے گردے فیل ہوسکتے ہیں: شہباز شریف

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ جیل میں اے سی نہ ہونے سے نواز شریف کے گردے فیل ہونے کا خطرہ ہے۔

شہباز شریف نے خط میں لکھا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے جیل کے کمرے سے اے سی اتارنے کا وزارتِ داخلہ کا خط میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے۔

شہباز شریف نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط میں مزید لکھا ہے کہ وزارتِ داخلہ کے خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ یہ اقدام وزیر اعظم عمران خان کی خواہش کے مطابق کیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری پنجاب کے نام خط میں شہباز شریف نے یہ بھی لکھا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی سفارش ہے کہ نوازشریف کو مناسب درجۂ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے، مناسب درجۂ حرارت میں نہ رکھنے سے نواز شریف کے گردے فیل ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے جیل میں ایئر کنڈیشنر اور ٹی وی کی سہولت واپس لے لی گئی ہے۔

جیل ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے امریکا جانے سے پہلے وزارتِ داخلہ نے جیل حکام کو سہولتیں ختم کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔

ذرائع کے مطابق خط میں لکھا گیا تھا کہ نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل مینوئل کے مطابق سہولتیں فراہم کی جائیں۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں ایئر کنڈیشنر اور ٹی وی کی سہولت دی گئی تھی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے بھی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ میاں نواز شریف سمیت تمام قیدیوں سے جیل مینوئل کے مطابق ہی سلوک ہوگا، میاں نواز شریف کیلئے وہ کھانے جاتے رہے ہیں جو ایک صحت مند آدمی بھی نہیں کھا سکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اظہر کیانی نے رپورٹ میں نواز شریف کے گردے فیل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا اور نواز شریف کو گھبراہٹ اور طبیعت کی خرابی کی بڑی وجہ پانی کی کمی بتائی گئی تھی۔

تازہ ترین