بیڈ مین کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکار گلشن گروور نے بالی ووڈ سمیت ہالی ووڈ انڈسٹری میں بھی کامیابیوں کا سارا کریڈٹ شاہ رُخ خان کو دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلشن گروور نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں آج تک جتنی بھی کامیابیاں ملی ہیں سب کا کریڈٹ شاہ رُخ خان کو دیتا ہوں اور اُن کا شکر گزار ہوں کے اُنہوں نے میرا ٹیلنٹ پہچانا اور مجھے آگے بڑھنے کے لیے ہمیشہ حوصلہ دیا۔
1997 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’ یس باس ‘ میں کام کرنے والے گلشن گروور نے کہا کہ میں نے ہالی ووڈ انڈسٹری کی پہلی فلم ’دی سیکنڈ جنگل بُک، موگلی اینڈ بالو ‘ شاہ رخ خان کے اصرار کرنے پر کی تھی۔
گلشن گروور نے کہا کہ میں اور شاہ رخ خان ڈائریکٹر عزیزمرزا کی فلم ’ یس باس ‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اُس وقت مجھے ہالی ووڈ سے پہلی آفر ہوئی تھی جو کہ ایک ولن کا کردار تھا، مجھے بتایا گیا تھا مجھے آخری بار بلایا جا رہا ہے دوبارہ کال نہیں کی جائے گی، میں جلدی سے ہالی ووڈ پہنچوں اور بس فلم سائن کروں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک بڑی پریشانی میں تھا اور اس پیش کش کو ٹھکرانے سے پہلے میں شاہ رخ خان کے پاس گیا اور اُنہیں فلم کا اسکرپٹ پڑھنے کو دیا، شاہ رُخ خان نے اسکرپٹ پڑھا اور کہا کہ میں پہلی ہی فلائٹ سے ہالی ووڈ چلا جاؤں۔
انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں ہزار سوال تھے کہ اگر میں نے ’ یس باس ‘ فلم چھوڑ دی تو ڈائریکٹر مجھ پر کیس بھی کر سکتا ہے اور میرے پیسے بھی کاٹ سکتا ہے جس پر شاہ رخ خان نے مجھے زور دے کر کہا کہ ’ تو جا، تیرے کو اگر کسی کا فون آیا تو، تو آکر مجھے پکڑ لینا ، میں سب دیکھ لوں گا، تو جا میرے دوست اور اس فلم کو سائن کرو اور ہمیں خود پر فخر کرنے کا موقع دو۔‘
گلشن گروور نے کہا کہ جب میں ہالی ووڈ سے واپس بالی ووڈ کی فلم یس باس کے سیٹ پر واپس آیا تو مجھے خوف تھا کہ ڈائریکٹر مجھ پر ناراض ہوگا مگر ایسا نہیں ہوا بلکہ عزیزمرزا میرے اس فیصلے پر خوش تھے۔
واضح رہے کہ 63 سالہ گلشن گروور 400 سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں جن میں ہالی ووڈ کی بھی فلمیں شامل ہیں۔
گلشن گروور اپنی اگلی بالی ووڈ فلم ’ سوریا ونشی ‘ میں باربی ڈول کترینہ کیف اور اکشے کمار کے مدِ مقابل نظر آئیں گے جبکہ مہیش بھٹ کی فلم ’سڑک 2‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔