ٹھٹہ میں ضلعی پولیس چیف نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر ایک شہید پولیس اہلکار کے کھیت میں چاول کی فصل لگا کر اہلخانہ سے یکجہتی کی دل کو چھو لینے والی مثال قائم کردی۔
سندھ میں پولیس کے شہداء کی یاد منانے کیلئے 4اگست کو "یوم شہداء پولیس" منانے کا سلسلہ چند برس قبل شروع ہوا تھا، اس موقع پر سندھ پولیس کے مختلف عہدوں کے افسران شہید پولیس ملازمین کے گھروں پر جا کر اہل خانہ اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
افسران کی جانب سے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے جاتے ہیں، انہیں تحائف دیے جاتے ہیں اور شہداء کی فیملی کو مختلف رنگارنگ تقاریب میں مدعو کرکے ان سے اپنائیت کا احساس دلایا جاتا ہے۔
آج سندھ پولیس کے 2268شہداء سے یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے، یوم شہدائے سندھ پولیس کے موقع پر صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں میں پولیس افسران شہداء کے گھروں پر گئے اور جارہے ہیں اور مختلف انداز سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا لیکن ایس ایس پی ضلع ٹھٹھہ شبیراحمد سیٹھار نے اپنائیت کا وکھرا انداز اپنایا۔
وہ اور ان کے ساتھی پولیس افسران ضلع ٹھٹھہ پولیس کے 8شہداء کے گھروں پر گئے، ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار ٹھٹھہ کے نواحی علاقے "چھتو چند" میں پولیس کانسٹیبل اختر بروہی شہید کے گھر پہنچے تو اہل خانہ کھیتی باڑی میں مصروف تھے۔ سال 2016 میں ڈاکوؤں سے مقابلے میں شہید ہونے والے اختر بروہی کے والد، بھائی، شہید کی اہلیہ اور بیٹی کھیتوں میں چاول کی فصل کاشت کررہے تھے۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ نے شہید اختر بروہی کی اکلوتی کمسن بچی کو پیار کیا، اہل خانہ کو پھول اور دیگر تحائف پیش کیے۔ گفتگو کے دوران والد نے تذکرہ کیا کہ ان کا بیٹا ان کے ساتھ کھیتوں میں کام کیا کرتا تھا اب کام کرتے ہوئے بیٹے کی یاد آتی ہے، یہ سن کر شبیر احمد سیٹھار نے شہید کے والد کو دلاسا دیا اور کہا کہ ان کا بیٹا ابھی بھی ان کے ساتھ ہے۔
یونیفارم پہنے ہوئے شبیر احمد سیٹھار نے اپنے بوٹ اتار دیئے، چاول کی فصل جسے "دھان" اور سندھی میں "ساریوں" کہا جاتا ہے کی پنیری لگانے کے لیے تیار کھیپ میں 6سے 8انچ تک پانی کھڑا رکھا جاتا ہے، پنیری ہاتھ میں پکڑے شبیراحمد سیٹھار کھیت میں اتر گئے اور شہید کے بھائی اور والد کے ساتھ کافی دیر تک چاول کی پنیری کاشت کی، علاقہ ایس ایچ او بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کھیتوں میں کام کرتے شبیر احمد سیٹھار کی تصاویر دل کو چھو رہی ہے اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
اس موقع پر "جنگ" سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی شبیر سیٹھار کا کہنا ہے کہ پولیس ایک خاندان ہے جس میں سب ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ انہیں خوشی ہوئی کہ وہ کچھ دیر تک شہید اختر بروہی کے اہل خانہ کے ساتھ رہے اور ان کے معمولات میں شریک ہوئے۔