• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پی ایس ایل فائیو کے تمام میچ پاکستان میں ہوں گے


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچ پاکستان میں ہوں گے۔چیئر مین ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کے لئے فرنچائز سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے آزاد کنسلٹنٹ مقرر کیا جائے گا۔معروف شخصیت کو کنسلٹنٹ بنایا جائے گا جو غیر ملکیوں کو پاکستان میں ڈیڑھ مای قیام کرنے پر آمادہ کرے گا۔فائنل سمیت 13میچ لاہور میں ہوں گے افتتاحی میچ کراچی میں کرانے کی تجویز ہے۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات پر غیررسمی میٹنگ خوشگوار ماحول میں ہوئی۔پیر کو لاہور کے فائیو اسٹار ہوٹل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور فرنچائز مالکان کے درمیان میٹنگ ہوئی۔اجلاس میں احسان مانی نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات کو ترجیحی بنیاد پر دور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کراچی،لاہور،ملتان اور پنڈی میں میچ کرانے کا اعلان کرچکا ہے لیکن ایک فرنچائز نے کم از کم تین میچ پشاور میں کرانے کی تجویز دی۔پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں اگلے سال فروری میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے حوالے سے حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔پی ایس ایل کے مالی معاملات کے حوالے سے ایک ورکنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ورکنگ کمیٹی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا نمائندہ شامل ہوگا۔جبکہ اجلاس کی صدارت پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کریں گے۔ورکنگ کمیٹی ایک ماہ میں اپنی حتمی تجاویز دے گی۔تجاویز اور سفارشات کی روشنی میں مزید فیصلے کئے جائیں گے۔فرنچائز مالکان نے پاکستان میں ٹورنامنٹ کرانے کی صورت میں اخراجات کم کرانے کی تجویز دی۔میٹنگ میں پی ایس ایل کی الگ شناخت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے، غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لیے بورڈ حکام بریفنگ دیں گے۔غیرملکی کھلاڑیوں کو بورڈ حکام کے ساتھ فرنچائز نمائندے بھی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائیں گے، پی ایس ایل گورننگ کونسل اجلاس کی تاریخ کا اعلان جلد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں پی ایس ایل فنانشل ماڈل پر بھی غور کیا گیا، لیگ کے شیڈول کو گورننگ کونسل اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی، بورڈ حکام نے فرنچائز مالکان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

تازہ ترین