کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) اولمپک رسائی رائونڈ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا تر بیتی کیمپ اس ماہ کے تیسرے ہفتے سے نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے، سابق کپتان منظور جونیئر کی سر براہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے کیمپ کے لئے35کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے جن کا انتخاب سلیکٹرز نے کراچی میں ختم ہونے والی قومی ہاکی چیمپئن شپ سے کیا ، جس کے ساتھ ہی نئی ٹیم انتظامیہ کا امتحان بھی شروع ہوجائے گا، کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان پی ایچ ایف کے صدر خالد کھوکھر کی منظوری سے کیا جائے گا،پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق ہیڈ کوچ خواجہ جنید کو ایک بار پھر قومی ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور منیجرمقرر کردیا ہے،جنگ سے سب سے پہلے خواجہ جنید اور کوچنگ اسٹاف کے حوالے سے خبر دی تھی،پی ایچ ایف کےسکریٹری آ صف باجوہ نے کہا کہ سابق کوچ سمیر حسین ٹیم کے کوچ جبکہ سابق اولمپئن وسیم احمد اور اجمل خان معاون کوچز ہوں گے،انہوں نے کہا کہ اگلے اولمپک گیمز میں رسائی ہدف ہے،نئی ٹیم انتظامیہ کو اولمپک گیمز رسائی رائونڈ کا ٹاسک دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، پی ایچ ایف کے صدر خالد کھوکھر نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے10 کروڑ روپے کی گرانٹ قابل قدر ہے،نیشنل اسپورٹس پالیسی پر عمل کیا جائے گا ،پی ایچ ایف ہاکی اکیڈمیز قائم کرے گی،کھلاڑیوں کے لیے ہوسٹلز کا قیام ضروری ہے، آصف باجوہ نے کہا کہ شاہد علی خان کو پی ایچ ایف گول کیپنگ اکیڈمی کا نگراں مقرر کیا گیا ہے۔ ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ ہمارا ہدف مشکل ہے ٹیم کو تیار کرنے میں کچھ وقت درکار ہوں گے۔