گلگت (اے پی پی) گلگت بلتستان اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے خلاف متفقہ مذمتی قراداد منظور کر لی۔اس قرارداد کے ذریعے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور تمام اسلامی ممالک سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لیں۔ یہ قراداد اراکین اسمبلی ڈپٹی اسپیکر جعفراللہ ، اپوزیشن لیڈر کیپٹن( ر) محمد شفیع اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کیپٹن( ر )سکندر علی نے اسمبلی میں پیش کی۔ قراداد میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، کنٹرول لائن اور سیز فائرکی مسلسل خلاف ورزی سے جنوبی ایشاءمیں امن کو شدید خطرات لاحق ہیں ،عالمی امن کے دشمن مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں افواج کی تعداد میں اضافہ، کلسٹر بموں کا استعمال انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔