• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش


خلیجِ بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ سندھ میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہو گیا۔

کراچی کے متعدد علاقوں میں محکمہ ٔ موسمیات کی گزشتہ روز کی پیش گوئی کے مطابق آج علی الصباح بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوگیا جو بتدریج موسلا دھار بارش میں تبدیل ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، لسبیلہ، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارا در، میٹھا در، ٹاور، کیماڑی سمیت کراچی بھر میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ابتدائی بارش سے سڑکوں پر کیچڑ جمع ہو گئی جس سے چلنے والی گاڑیوں کی وجہ سے چھینٹیں اڑنے سے شہریوں بالخصوص بائیک سواروں کے کپڑے بھی خراب ہونے لگے۔

کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نکاسی نہ ہونے کے سبب سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہونا شروع ہو گیا۔

کراچی شہر کی تقریباً تمام ہی مویشی منڈیاں کچی زمین پر قائم ہیں اور نکاسی کا ذریعہ نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے پانی سے مویشی منڈیوں کی زمین کیچڑ کے جوہڑوں میں تبدیل ہونے لگی جس سے خریداروں، بیوپاریوں اور مویشیوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔


بارش شروع ہوتے ہی شہر کی سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی جس کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہو گئے۔

کراچی کے متعدد علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے شہریوں سے بارش کے دوران ٹوٹے ہوئے تاروں، کھمبوں اور بجلی کی دیگر تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ بارشوں میں کراچی میں متعدد افراد کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں جاں بحق ہوئے تھے۔

ملک بھر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شام سے رات گئے تک بارش ہوئی، آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ ہونے سے بننے والے سیلابی ریلے میں 3 خواتین اور 2 بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور پلندری میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ ہٹیاں بالا میں گہل جبڑا کے مقام پر کلاؤڈ برسٹ ہونے سے سیلابی ریلا 3 خواتین اور 2 بچوں کو بہا لے گیا، پانچوں افراد کی لاشیں سیلابی پانی سے نکال لی گئیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج راول پنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ڈی جی خان، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔

ادھر سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں تیز ہواؤں اور مٹی کے طوفان کے بعد ہونے والی ہلکی بارش کے باعث حیسکو ریجن کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔

حیسکو ترجمان کےمطابق مختلف علاقوں میں تار ٹوٹ کر گرنے کے باعث 2 فیڈرز کو حفاظتی اقدامات کےتحت بند کیا ہے جبکہ 7 فیڈر خرابی کے باعث بند ہیں، حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں 60 سے زائد فیڈر بند کیے گئے ہیں۔

سندھ میں ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰ یار سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

تھر پارکر، ڈیرہ اسماعیل خان، پڈ عیدن، ڈیرہ مراد جمالی، حافظ آباد، زیارت، پشاور، مالاکنڈ میں بھی بارش ہو رہی ہے۔

تھر پارکر کے علاقے مٹھی، اسلام کوٹ سمیت دیگر نواحی علاقوں میں موسلا دھار اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ننگر پارکر میں 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے مرکزی بازار میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔

خیبر پختون خوا میں ڈیرہ اسماعیل خان، سوات اور صوابی میں بھی بارش جاری ہے۔

تازہ ترین