• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: 6 وزرائے اعظم آئے اور گئے، مشہور بلا ’لیری دی کیٹ‘ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں براجمان رہا

—فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
—فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

برطانیہ کا مشہور بِلّا ’لیری دی کیٹ‘ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کا سب سے پرانا رہائشی بن گیا۔

مشہور بِلّے ’لیری دی کیٹ‘ کو 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں رہتے ہوئے 15 سال مکمل ہو گئے، اس دوران وزیرِ اعظم آفس میں 6 وزرائے اعظم آئے اور گئے، لیکن یہ بِلّا 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں اپنے ’چیف ماؤزر‘ کے عہدے پر براجمان رہا۔

’لیری دی کیٹ‘ نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں چیف ماؤزر کے طور پر 6 مختلف وزرائے اعظم کے ساتھ خدمات انجام دیں۔

یہ بِلّا 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی وہ واحد شخصیت ہے جسے نہ تو الیکشن کی فکر ہے، نہ بغاوت کا خوف اور نہ ہی اس پر استعفیٰ دینے کے لیے کوئی دباؤ ہے۔

اس دوران ’لیری دی کیٹ‘ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں کی توجہ بھی حاصل کر چکا ہے۔

اس کو فروری 2011ء میں سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور ان کی اہلیہ سمانتھا نے اپنے بچوں کے لیے پالتو جانور کے طور پر ’بیٹر سی ڈاگز اینڈ کیٹس ہوم‘ سے گود لیا تھا۔

اب 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں بطور چیف ماؤزر ’لیری دی کیٹ‘ کی ذمے داری چوہوں کی تعداد کو قابو میں رکھنا ہے۔

یہاں اس بات کا ذکر کرنا اہم ہے کہ برطانیہ میں 1920ء کی دہائی سے اس سرکاری عہدے پر کوئی نہ کوئی بلی فائز رہتی ہے ، اسی لیے اب یہ 19 سالہ بِلّا اس عہدے پر فائز ہے۔

یہ بِلّا مرکزی لندن میں وزیرِاعظم کے گھر کے دروازے کے باہر بار بار دکھائی دینے کی وجہ سے عوام کی خصوصی توجہ کا مرکز بھی بن گیا ہے۔

’لیری دی کیٹ‘ کے سرکاری فرائض سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کرنا، قدیم فرنیچر کو سونے کے معیار کے لیے جانچنا اور گھر میں چوہوں کی موجودگی کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔

یہی نہیں اس کا سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک آفیشل اکاؤنٹ بھی موجود ہے اور اسے لاکھوں لوگ فالو کرتے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید