• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

میکا سنگھ پر پاکستان میں پرفارمنس کرنے کیخلاف بھارت میں پابندی عائد


ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) مشہور بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو چند روز قبل کراچی میں ایک میوزک ایونٹ میں پرفارمنس دینا بہت مہنگا پڑ گیا۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آل انڈیا سینے ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA)نے موجودہ دور کے مقبول گلوکار میکا سنگھ پر پابندی عائد کر دی ہے کہ وہ آئندہ سے بھارت کی کسی بھی فلم میں پلے بیک گائیکی نہیں کر سکیں گے۔سینما انڈسٹری کی نمائندہ تنظیم کے سربراہ سُریش شیام لال گُپتا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میکا سنگھ پر عائد پابندی کے تحت اُن پر مووی پروڈکشنز ہاؤسز، میوزک کمپنیز اور آن لائن میوزک کی ریلیز سے متعلقہ کمپنیوں کے دروازے بند کر دیئے گئے ہیں۔جبکہ اُنکے تمام فلمساز وں سے فلموں میں گائیکی اور میوزک کمپنیز کے ساتھ میوزک کنٹریکٹس بھی فوری طور پر منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔شیام لال گُپتا کی جانب سے جاری تحریری بیان میں خبردار کیا گیا ہے” بھارت میں کسی بھی شخص یا ادارے کو میکا سنگھ کے ساتھ کام کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی اُسے عدالت میں قانونی کارروائی کی غرض سے گھسیٹا جائے گا۔ کیونکہ میکا سنگھ نے ایسے وقت میں جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ صورت اختیار کر چکے ہیں، صرف پیسوں کی خاطر مُلکی وقار کو پسِ پُشت ڈال دیا۔“فلم انڈسٹری کی اس نمائندہ تنظیم نے وزارت اطلاعات و نشریات کو بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پیدا ہونے والے سخت کشیدہ حالات میں بھی بھارت کے 14 فنکاروں کو خصوصی مہمانوں کی طرح سلوک کرتے ہوئے ویزوں کا اجرا کیا۔ فنکار امرک سنگھ اور اس کے دیگر ساتھیوں کو 8 اگست سے ایک ماہ کا وزٹ ویزہ جاری کیا گیا جس میں وہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد جا سکیں گے۔

تازہ ترین