• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لذیز ران کے گوشت سے دستر خوان کا مزہ دوبالا کریں

عید کے تین روز تو گزر چکے ہیں مگر دعوتوں کا سلسلہ کئی روز جاری رہے گا۔ گھروں میں عید کے گوشت سے مختلف پکوان بنائیں جائیں گے ۔ دوست اور رشتہ دار ایک دوسرے کے گھر جائیں گے۔

طرح طرح کے مزیدار کھانوں سے دسترخوان سجائیں جائیں گے ا ور آپس میں سب مل بیٹھ کر گپ شپ بھی لگائیں گے۔

گھرو ں میں لڑکے باربی کیو کا انتظام کرتے ہیں اور ساتھ کئی اور کھانے بھی بنیں گے۔اس بار ران کے گوشت سے مختلف ڈشز بنائیں۔

ران کا گوشت بہت ہی لذیذ ہوتا ہے۔ران کے گوشت سے بنے چند کھانوں کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

ہربز میرینیٹڈ لیگ

اجزاء۔

ران۔ایک عدد

روز میری کے پتے ۔

ایک چائے کا چمچ(چوپ کیے ہوئے)

میتھی کے پتے ۔

ایک چائے کا چمچ

(چوپ کیے ہوئے)

بریڈ کرمبز۔

ایک چوتھائی کپ

لہسن کے جوے۔

تین عدد(باریک چوپ کرلیں)

پارسلے۔

تین کھانے کے چمچ

(چوپ کیاہوا)

پیاز۔

ایک عدد(چھوٹی باریک چوپ کرلیں)

نمک۔

حسبِ ذائقہ

دھنیاپاؤڈر۔

ایک چائے کا چمچ

میدہ۔

چار کھانے کے چمچ

تیل۔

حسبِ ضرورت

سرکہ ۔

حسبِ ضرورت

ترکیب۔

ران کو سرکے سے اچھی طرح دھو کر صاف کرلیں۔

پیالے میں روز میری کے پتے ،میتھی،پودینہ،بریڈ کرمبز،لہسن ، پارسلے پیاز اور نمک ڈال کر مکس کریں۔

ران پر چھری سے ترچھے کٹس لگائیں۔تیار کیے ہوئےمکسچر کو ان کٹس میں بھریں۔

نمک،دھنیا پاؤڈر،میدہ ایک پیالے میں ڈال کر مکس کریں اور اس پاؤڈر مکسچر کو ران کے اوپر اچھی طرح لگادیں۔

بیکنگ ٹرے میں ران رکھیں اور اس کے اوپر تیل ڈالیں۔بیکنگ ٹرے کو پہلے سے گرم اوون میں ایک سو ساٹھ درجہ پر رکھ کر تیس منٹ تک بیک کریں۔

اس کے بعد ٹرے کو اوون سے نکال کر حسبِ ضرورت پانی ڈال کر ٹرے کو دوبارہ اوون میں رکھیںاور تیس منٹ تک مزید بیک کریں۔

چاہیں تو فوائل سے ڈھک لیں۔تیس منٹ بعد اوون سے سرونگ ڈش میں نکالیں۔

مزیدار ہربز میرینیٹڈ لیگ تیار ہے،گرم گرم پیش کریں۔

بٹر ران مصالحہ

اجزاء۔

بکرے کی ران۔

ڈیڑھ کلو

ادرک لہسن کا پیسٹ۔

دو کھانے کے چمچ

پسی لال مرچ ۔

دو چائے کے چمچ

دہی ۔

ایک کپ

پیاز ۔

دو کھانے کے چمچ

(تلی اور پسی ہوئی)

لیموں کا رس ۔

دو کھانے کے چمچ

نمک ۔

دو چائے کے چمچ

زیرہ ۔

دو چائے کے چمچ (بُھنا اور کٹا ہوا)

اورنج کلر۔

ایک چٹکی

تیل ۔

ایک چوتھائی کپ

پانی ۔

دو کپ

کریم۔

آدھا کپ

مکھن ۔

دو کھانے کے چمچ

قصوری میتھی۔

ایک چائے کا چمچ

گرم مصالحہ ۔

پانچ چائے کے چمچ

ہرا دھنیا ۔

دو کھانے کے چمچ

ہری مرچ۔

دو عدد

ترکیب۔

بکرے کی ران کو ادرک لہسن پیسٹ، پسی لال مرچ، دہی، تلی اور پسی ہوئی پیاز، لیموں کا رس، نمک، زیرہ اور اورنج کلر سے میرینیٹ کرکے چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

اس دوران چھری یا کانٹے کی مدد سے اس پر اچھی طرح کٹ لگا دیں۔

تیل گرم کرکے بکرے کی ران کو دونوں طرف سے پانچ پانچ منٹ کے لئے فرائی کرلیں۔

پھر اس میں بقیہ بچا مصالحہ پانی کے ساتھ شامل کریں اور ڈھک کر ہلکی آنچ پر ایک گھنٹے تک پکائیں، یہاں تک کہ ران گل جائے۔

اب اس میں کریم، مکھن، قصوری میتھی اور گرم مصالحہ ڈال کر پندرہ منٹ مزید پکالیں۔

آخر میں بکرے کی ران کو پلیٹ میں نکال کر باریک کٹا ہرا دھنیا اور سلائس میں کٹی ہری مرچ سے گارنش کرکے سرو کریں۔

ران دم پخت

اجزاء۔

بکرے کی ران۔

ایک عدد

نمک۔

حسب ذائقہ

لیموں کا رس ۔

دو عدد

پپیتے کا پیسٹ ۔

دو کھانے کے چمچ

مکھن ۔

پانچ کھانے کا چمچ

تیل ۔

تین کھانے کے چمچ

پیاز ۔

دو سے تین عدد

ادرک لہسن کا پیسٹ ۔

دو کھانے کے چمچ

سرکہ ۔

پانچ کھانے کے چمچ

زیرہ ۔

ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)

ہلدی ۔

ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔

ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)

دھنیا ۔

ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)

گرم مصالحہ۔

ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)

ہرا دھنیا ۔

آدھی گٹھی

ہری مرچ۔

دو سے تین عدد

پودینہ ۔

ایک چوتھائی گٹھی

ادرک ۔

ایک چھوٹا ٹکڑا (کٹا ہوا)

چاٹ مصالحہ۔

ایک کھانے کا چمچ

ترکیب۔

پہلے بکرے کی ران کو کٹ لگاکر اسے نمک، تھوڑا سا لیموں کا رس اور پپیتے کے پیسٹ سے میری نیٹ کرکے ایک طرف رکھ دیں۔

اب الگ پتیلی میں مکھن اور تیل گرم کرکے پیاز ڈال کر تھوڑا سا فرائی کریں۔

جب پیاز نرم ہونے لگے تو اس میں بکرے کی ران شامل کرکے تھوڑا سا بھون لیں۔

جب ران کا رنگ تبدیل ہو جائے تو اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، سرکہ، پسا زیرہ، ہلدی، پسی لال مرچ، پسا دھنیا اور پسا گرم مصالحہ شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک بھونیں ۔

اس میں ایک گلاس پانی شامل کرکے ڈھک کر دم پر پکنے دیں۔

پچیس سے تیس منٹ بعد جب ران گل جائے تو اس میں دھنیا، پودینہ، ہری مرچ اور ادرک شامل کرکے مکس کریں۔

آخر میں پلیٹر پر نکالیں اوپر سے تھوڑا سا چاٹ مصالحہ چھڑک کر گرم گرم سرو کریں۔

بلوچی ران

اجزاء۔

بکرے کی ران۔

ڈیڑھ کلو (بغیر ہڈی)

سرکہ ۔

آدھا کپ

دہی ۔

تین سو گرام

پیاز ۔

ایک عدد

ہری مرچ۔

چار عدد

لال مرچ ۔

ایک کھانے کا چمچ

(کٹی ہوئی)

ادرک ۔

درمیانہ ٹکڑا

(باریک کٹی ہوئی)

لہسن ۔

آٹھ سے دس عدد (باریک کٹا ہوا)

زیرہ ۔

ایک چائے کا چمچ (بُھنا ہوا)

کالی مرچ ۔

ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

گرم مصالحہ ۔

ایک چائے کا چمچ

زعفران۔

ایک چٹکی

سرسوں کا تیل۔

حسبِ ضرورت

نمک۔

حسبِ ذائقہ

ترکیب۔

زعفران کو سرکے میں بھگو دیں۔

ران پر چُھری سے کٹ لگالیں۔

اب اس پر نمک لگالیں۔

پھر اس پر کالی مرچ اور گرم مصالحہ لگا کر دو گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

ایک مکسنگ باؤل میں دہی، کٹی ہوئی ادرک، کٹا ہوا لہسن، سرسوں کا تیل، کُٹی ہوئی لال مرچ، زیرہ اور زعفران سرکے کے ساتھ شامل کرکے آمیزہ تیار کرلیں۔

پھر اسے ران پر لگا دیں اور ران کو رات بھر کیلئے رکھ دیں۔

اوون کو ایک سو اسی ڈگری پر گرم کریں۔

بیکنگ ٹرے کو گریس کرلیں اور اس پر ران رکھ دیں۔

ساتھ ہی پیاز اور ہری مرچ رکھ کر اوون میں پکنے رکھ دیں۔

جب اچھی طرح پک جائے تو اسے سلاد اور چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

قندھاری ران گوشت

اجزاء۔

بکرے کی ران۔

ڈیڑھ کلو

کچری پاؤڈر۔

3کھانے کے چمچ

انار کا سرکہ۔

2کھانے کے چمچ

لہسن ادرک پاؤڈر۔

1کھانے کا چمچ

جائفل جاوتری پاؤڈر۔

4/1چائے کا چمچ

کالی مرچ پاؤڈر۔

1 کھانے کا چمچ

چلی پیسٹ۔

2کھانے کے چمچ

نمک۔

حسبِ ذائقہ

تیل ۔

فرائنگ کیلئے

ترکیب۔

پیالے میں انار کا سرکہ،کچری پاؤڈر، نمک، لہسن ،ادرک پاؤڈر، جائفل جاوتری پاؤڈر،کالی مرچ پاؤڈر اور چلی پیسٹ ڈال کر مکس کریں، ران کو اچھی طرح دھو کر کٹ لگادیں۔

ران پر مصالحے کا آمیزہ لگا کر6-5گھنٹے کیلئے میرینیٹ کریں۔

ایک بڑی دیگچی یا کڑاہی میں تیل گرم کر کے ران ڈال کر فرائی کریں۔آنچ درمیانی رکھیں، ایک طرف سے سنہری ہوجائے تو پلٹ کر دوسری سائیڈ سے فرائی کرلیں۔

سرونگ پلیٹ میں نکال کر لیموں اور حسبِ پسند چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

بہاری ران

اجزاء۔

ران ۔ڈیڑھ کلو

(سامنے کی ہڈی کاٹ لیں)

دہی۔ آدھا کلو

کالی مرچ پاؤڈر۔

ایک چائے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔

ایک چائے کا چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

ادرک کا پیسٹ۔ آدھا پاؤ

تیل۔ چوتھائی کپ

ترکیب۔

ران کو کانٹے سے گودلیں۔ادرک، لہسن، لال مرچ پاؤڈر، کالی مر چ پاؤڈر، نمک دہی میں مکس کر کے پھینٹ لیں۔ران کو اس مکسچر میں پوری رات میرینیٹ کرنے کے لئے رکھ دیں۔تیل گرم کر یں اور اس میں مصالحہ لگی ران دو گھنٹہ ہلکی آگ پر پکائیں۔پھر پلٹ دیں اور دو گھنٹہ اور پکائیں کہ ران اچھی طرح گل جائے۔اگر نہ گل سکے تو ایک گھنٹہ اور دم پر رکھیں۔ بالکل ہلکی آگ پر بغیر پانی کے پکائیں۔ اسپیشل بہاری ران تیار ہے۔گرم گرم سرو کریں۔

بھنی ہوئی ران

اجزاء۔

ران۔ ڈیڑھ کلو وزن

دہی۔ ایک کپ

سرکہ ۔تین کھانے کے چمچ

ادرک،لہسن پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ دو چائے کے چمچ

پسی لال مرچ۔ دو چائے کے چمچ

بھْنا زیرہ (کُٹا) ۔دو چائے کے چمچ

بھْنا دھنیا (کُٹا) ۔دو چائے کے چمچ

پسا گرم مصالحہ ۔ایک چائے کا چمچ

تیل ۔آدھا کپ

ترکیب۔

ران پر کٹ لگائیں۔

سارے مصالحے دہی میں مکس کریں اور ران پر اچھی طرح لگا دیں اور چھ سے سات گھنٹے میرینیٹ کریں۔

پریشر ککر میں تیل گرم کرکے ران کو باری باری دونوں طرف سے فرائی کرکے اس میں ایک کپ پانی ڈال دیں اور پریشر ککر کو بند کر دیں اور بیس منٹ پکائیں۔

بیس منٹ بعد اگرپریشر ککر میں پانی ہو اور ران گل چکی ہو تو زائد پانی آنچ تیز کرکے خشک کرلیں۔ تیار ران کو سرونگ ڈش میں نکالیں اور ہری مرچ، لیموں سے سجا کرپیش کریں۔

(نوٹ) ۔ اگر پریشر ککر میں نا بنانا چاہیں تو کسی اور پین میں زیادہ پانی ڈال کے پکا لیں۔

۔ اگر ران کا وزن زیادہ ہو تو مصالحوں کی مقدار آدھا چائے کا چمچ بڑھا دیں۔

۔ اگر وقت کم ہو تو ایک کھانے کا چمچ پپیتا پیسٹ شامل کر لیں۔

ران کو مصالحہ لگا کے باؤل میں فوائل سے ڈھانپ کر فریج میں رکھ دیں۔ اسے چار سے پانچ روز بعد بھی بنا سکتے ہیں۔

تازہ ترین