• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک خوبصورت اور جدید طرز کے گھر کے لیے لازمی نہیں کہ اس کا باغیچہ اورعقبی حصہ شاندار انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہو بلکہ جدید گھروں کی تعمیر میں راہداری بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انگریزی میں راہداری کے لیے اینٹروے کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔ اینٹروے یا راہداری گھر کا وہ حصہ ہے جو اگر شاندارانداز میں ڈیزائن کرلیا جائے تواس کے ذریعے آپ گھر آئے مہمانوں پر گھر میں داخلے کے وقت ہی ایک خوشنما تاثر قائم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ایک شاندار راہداری کی ڈیزائننگ کے حوالے سے آپ کے لیے ان چند ٹرینڈز کا جاننا ضروری ہے جو آپ کی راہداری کو خوبصورت اور جدید بنا سکتے ہیں، وہ ٹرینڈز کون سے ہیں، آئیے جانتے ہیں ۔

سٹنگ ارینجمنٹ

یہ بات معنی نہیں رکھتی کہ آپ کے گھر میں راہداری کا سائز کیا ہے۔ ضروری امر یہ ہے کہ آپ اسے کس طرح زیادہ سے زیادہ آرام دہ اور خوبصورت انداز میں ڈیزائن کرتے ہیں۔ اس حوالے سے دوران تعمیر ہی سٹنگ ارینجمنٹ کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ سٹنگ ارینجمنٹ کے لیے اینٹروے ایریا کے بائیں جانب 10سے 15انچ لمبی بینچ تعمیر کروائی جاسکتی ہے۔ اس بینچ کے لیے لکڑی، پتھر یا سنگِ مرمر میں سے کسی بھی مواد کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بینچ کے ساتھ آپ چاہیں تو لکڑی یا سنگ مرمر کی کرسیاں بھی بنوا سکتے ہیں، بصورت دیگر اس بینچ پر چند تکیوں اور کشن کا اضافہ ہی آپ کے لیے بہترین اور اضافی سٹنگ ایریا تخلیق کرسکتا ہے۔

ووڈنگ کنسول ٹیبل

اپنے مہمانوں کے شاندار استقبال کے لیے آپ کے پاس ایک بہترین آپشن کنسول ٹیبل کا بھی ہے یا یوں کہا جائے توزیادہ بہتر ہوگا کہ کنسول ٹیبل کے لیے سب سے بہترین اور پرفیکٹ ایریا آپ کی راہداری ہی ہے۔ مارکیٹ میں ایک نہیں کئی طرح کے مٹیریل اور اسٹائل کی دلکش کنسول ٹیبل دستیاب ہیں۔آپ ان تیارشدہ کنسول ٹیبل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرکے اپنی را ہداری کو متاثر کن بناسکتے ہیں۔ تاہم اگر آپ ٹرینڈز کی جانب جانا چاہتے ہیں تو اینٹروے ایریا کے لیے لکڑی سے بنوائی گئی کنسول ٹیبل ان دنوں ٹرینڈ کا حصہ ہیں جونہ صرف آپ کے اینٹروے ایریا کو رسٹک ٹچ دیتی ہیں بلکہ زیادہ پائیدار اور خوبصورت محسوس ہوتی ہیں۔

مرر وال کی تعمیر

جدید دور میں گھروں کی تعمیر میں شیشے کا استعمال ایک خاص طرزِ زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شیشے کو گھر کی تعمیر میں بنیادی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔ گھر کے بیرونی اور اندرونی حصوں میں شیشے کا استعمال بڑے پیمانے پر کیا جانے لگا ہے، آ پ اینٹروے ایریا میں شیشے کا خوبصورت استعمال کرکے اپنے گھر کی چکا چوند میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ راہداری کی ایک دیوار کی تعمیر کے لیے مرر ٹائلز کا انتخاب کیجیے۔ مرر ٹائلز سے تعمیر شدہ دیوار سے نہ صرف اینٹروے ایریا کشادہ محسوس ہوگا بلکہ اس دیوار کی تعمیر کے بعد آپ ہرکسی سے داد ہی داد وصول کریں گے۔

نیچرل ٹچ

اگر آپ اس حصے کو کچھ قدرتی اور منفرد انداز دینا چاہتے ہیں تو اس حصے میں پودے لگانے پر غور کریں۔ دیوار میں نصب پودے بھی آپ کی راہداری کو منفرد بنانے کے لیے کافی ہوں گے۔ چونکہ ان دنوں عمودی باغبانی (ورٹیکل گارڈننگ) کا ٹرینڈ خاصا مقبول ہے، لہٰذا آپ راہداری کی ایک دیوار پر کچھ فاصلے سے پودوں کا اضافہ کرسکتے ہیں۔فرش پر تھوڑے فاصلے سے پتھر نصب کروائے جاسکتے ہیں جبکہ دیگر حصے کے لیے گرین کارپٹ آپ کے اینٹروے کی دلکشی میں اضافہ کرے گا۔

فینسی سیلنگ

اگر آپ کا اینٹروے ایریا اوپن ہے تو اس جگہ پر خوبصورت چھت کی تعمیر کے ذریعے بھی ایک منفرد تاثر قائم کیا جاسکتا ہے۔ یہ چھت بظاہر ایک سائبان کی طرح محسوس ہوتی ہے، جس کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے لیے آپ وال پیپیر کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔ فینسی سیلنگ ان دنوں گھر کے تمام کمروں کے لیے ہی ٹرینڈ کا حصہ ہے، لہٰذا آپ کی راہداری کے لیے یہ مشورہ بھی خاصا کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین