• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کے لئے حوصلہ افزا بات، تجزیہ نگار

کراچی (جنگ نیوز) سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے کہاہے کہ کشمیر کے مسئلے پر 50سال بعد سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کے لئے حوصلہ افزا بات ہے۔جیو پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کا اس حوالے سے بیانیہ نہیں آیا تاہم ہمیں پرو ایکٹیو رہتے ہوئے اپنے ڈپلومیسی کو زیادہ ایگریسیوکرنا چاہئے ۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ سلامتی کونسل اجلاس میں اس موقف پر کہ مسئلہ کشمیر اندرونی مسئلہ ہے صرف فرانس ہی کھڑا نظر آیا ، یہ کہنا کہ مسئلہ کشمیر حل کے قریب ہے ایسا مشکل ہے ۔ محمل سرفراز نے کہا کہ یہ اجلاس چائنا کے کہنے پر ہوا ہمارے خط کی وجہ سے نہیں ہوا یہ کانفرنس کتنی کامیاب تھی اس کا اندازہ سی این این کی اس رپورٹ سے کرلیں کہ کوئی بھی ملک مشترکہ بیانیہ دینے کو تیار نہیں تھا کیونکہ زیادہ تر ممالک اسے دو ممالک کا یشو قرار دے کر اسے آپس میں طے کرنے کی تجویز دے رہے تھے ۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ ابھی تک پاکستان کی کوئی کلیئر کٹ پالیسی موجود نہیں شاہ محمود قریشی سے استعفیٰ مانگ لینا چاہئے آج ہم سفارتی طور پر اکیلے ہیں مگر قوم کیساتھ غلط بیانی کررہے ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کہ زیادہ بارش ہوگی تو پانی زیادہ آئے گا اس پر بات کرتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ یہ بیان دینے کی ضرورت کیاتھی چلیں جب وہ زیادہ پانی اترتا ہے تو پھر سڑکیں کیوں غائب نظر آتی ہیں ؟ محمل سرفرازنے کہا کہ بلاول بھٹو کی اردو اتنی اچھی نہیں ہے وہ غیر متوقع بارش کے حوالے سے کہنا چاہ رہے تھے لیکن وضاحت نہیں سکے ، سندھ حکومت کی جو بھی کارکردگی ہوگی وہ بلاول بھٹو کی سیاسی زندگی پر اثر انداز ہوگی ۔ حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا بلاول نے بات بالکل درست کی مگر جن سے کررہا تھا وہ اس سے بالکل لاعلم تھے لاہور میں یہ مسئلہ کراچی سے زیادہ خطرناک ہوتا ا گر شہباز شریف نکاسی کا سسٹم دیکر نہ جاتے ۔ ارشاد بھٹی نے کہا بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے گھر گھر پانی پہنچانے کا وعدہ کیا تھا جو انہوں نے زیادہ بارش سے پورا کردیا ۔ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے جنگ کو بڑھاوا دینے کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر گفتگو کرتے محمل سرفراز نے کہا بھارتی فلم انڈسٹری کبھی بھی ایسی لائن نہیں لے گی جو اینٹی مودی ہو کیونکہ وہاں کا میڈیا اس کو غداری کے زمرے میں سامنے لاتا ہے پریانکا اقوام متحدہ کی ایمبسیڈر ہیں لیکن پلوامہ واقعہ پر دیکھ لیں وہ تب بھی بھارتی فوج کو جنگ کے لئے بڑھادے رہی تھیں ۔ ارشاد بھٹی نے کہا وہ وقت چلا گیا جب اداکاراؤں ، فنکاروں کی سرحد نہیں ہوتی تھی ۔ مظہر عباس نے کہا بھارت ایک انتہا پسند ملک ہے وہاں تو پاکستان سے میچ ہارنے پر کھلاڑیوں کے گھروں کو آگ لگادی جاتی ہے ۔ ان کی انتہا پسندی کا اندازہ نریندر مودی کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے سے لگایا جاسکتا ہے ۔
تازہ ترین