• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے یواین قراردادوں کی خلاف ورزی کی، ڈاکٹر طاہرالقادری

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت بدل کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی لیکن اسے اپنے ان اقدامات پر بڑی طاقتوں کی خفیہ رضامندی حاصل تھی اور میرے خیال میں پاکستان کو بھی اس بارے میں پیشگی اندازہ ہوچکا تھا۔ گلاسگو میں اپنے اعزاز میں دیے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ بڑی طاقتیں اور اقوام متحدہ بات تو اصولوں کی کرتے ہیں لیکن درحقیقت اپنے اپنے مفادات کے پابند ہیں، بہت کم مثالیں ایسی ہیں کہ بین الاقوامی برادری نے مظلوموں کو انصاف مہیا کیا ہو، ورنہ عملی طور پر اس وقت بھی ’’جس کی لاٹھی، اس کی بھینس‘‘ کا اصول چلتا ہے اور کشمیر میں ناانصافی بھی اس کا نتیجہ ہے۔ اقوام متحدہ انصاف دلانے والا ادارہ نہیں، بلکہ صرف ایک ڈیبیٹ فورم بن چکا ہے۔ بڑی طاقتیں اپنی چیرہ دستیوں کے لیے اس کے سامنے جوابدہ ہیں، اس کا حشر بھی بالآخر لیگ آف نیشنز کی طرح کا ہوگا۔ شہدائے ماڈل ٹائون کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم اس کی انکوائری سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ اب یہ معاملہ عدالت میں ہے اور ہم اس سلسلہ میں بھرپور قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مغرب میں مقیم پاکستانیوں اور مسلمانوں کی نئی نسل کو تلقین کی کہ وہ اپنے دین کے سنہری اصولوں پر قائم رہتے ہوئے مقامی معاشرے کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی افادیت ثابت کریں۔ جب آپ مضبوط پوزیشِ میں ہوں گے تو اپنے آبائی وطن کی بھی بہتر طور پر خدمت کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر سیاستدان نہیں بلکہ اصلاح کار ہوں اور معاشرے کو بدلنا چاہتا ہوں۔ صرف ایک بار2002ء کے الیکشن میں حصہ لیا لیکن اسمبلی کی کارکردگی سے اتنا بددل ہوا کہ بالآخر استعفیٰ دے کر باہر آگیا۔
تازہ ترین