حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے جس کی صدارت جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کر رہے ہیں۔
اپوزیشن کی اے پی سی میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف شریک نہیں ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری اسکردو کے دورے کے باعث جبکہ شہباز شریف کمر کے درد کی وجہ سے اے پی سی میں شرکت نہیں کر رہے۔
آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن رہنما عبدالغفور حیدری، فرحت اللّٰہ بابر، نیّر بخاری، شیری رحمٰن، خواجہ آصف، احسن اقبال، ایاز صادق، محمود خان اچکزئی، امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب شیر پاؤ بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اے پی سی میں کشمیر کی صورتِ حال اور مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ حکمتِ عملی طے کی جائے گی، جبکہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ناکامی کے بعد کی صورتِ حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
آل پارٹیز کانفرنس کے دو سیشن ہوں گے، پہلے سیشن میں حریت رہنماء بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے جو مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دیں گے۔
اے پی سی کے دوسرے سیشن میں تمام اپوزیشن جماعتیں اپنا مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گی۔