وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کو خط لکھ کر پانچ اقدامات کا مطالبہ کردیا۔
وفاقی وزیر نے صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی کے الزامات مسترد کردیے اور کہا کہ کلین کراچی مہم میں کچرا حکومت کے مقرر کردہ مقامات کے سوا کہیں نہیں ڈالا جارہا ہے۔
علی زیدی کےکراچی میں کچرے کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے ناصر شاہ کے نام لکھے گئے خط میں وفاقی وزیر یقین دلایا کہ مکمل صفائی ہونے تک مہم جاری رہے گی۔
خط میں وفاقی وزیر نے صوبائی وزیر بلدیات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی کوصاف کرنے کی مہم میں ساتھ دینے پر آپ کا شکرگزار ہوں۔
علی زیدی نے اپیل کی شہر کے نالوں میں کچرا پھینکنے پر دفعہ 144 کا نفاذ کیا جائے، کراچی کے تمام اضلاع کے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے مشاہدے کی ضرورت ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ تمام یونین کونسلز میں کچرا کنڈیوں کی نشاندہی کی جائے، اگر کوئی خلاف قانون کھلےعلاقے میں کچرا پھینکتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی لکھا کہ تمام نالوں پر قائم تجاوزات ہٹائی جائیں، جتنی سوسائٹیز ہیں، انہیں پابند کیا جائے کہ وہ اپنا کچرا ڈائرکٹ لینڈ فل سائٹ تک پہنچائیں۔