• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کا یکم ستمبر کو آزادی کشمیر مارچ کا اعلان

کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے 370اور35Aکے قانون کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کے خلاف اور مظلوم کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار یکم ستمبر 3بجے دن شاہراہ فیصل پر ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘ کیاجائے گا جس میں بچے ،جوان، بوڑھے ،خواتین سمیت ہر طبقہ فکر سے وابستہ افراد شریک ہوں گے ،جمعہ 23اور30اگست کو مساجد کے باہر اورمہم کے دوران اہم چوکوں ، چوراہوں اور مساجد کے باہر5000مظاہرے اورکارنر میٹنگز منعقد کی جائیں گی اور ریلیاں نکالی جائیں گی ،جے آئی یوتھ کے تحت کشمیر کے حوالے سے مختلف مقامات پر تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا جائے گا،نوجوان ہاتھوں کی زنجیر بناکرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، تمام اضلاع کے تحت ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ کے حوالے سے علماء کنونشن منعقد کیے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر نائب امراء کراچی برجیس احمد ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، سیکرٹری کراچی عبدا لوہاب، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ پریس کلب اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے تعاون سے کشمیر کے حوالے سے پروگرامات منعقد کیے جائیں گے ، ہم پوری دنیا کو ’’آزادی کشمیر مارچ‘‘کے ذریعے یہ پیغام دیں گے کہ ’’امت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا دل ،کراچی ‘‘اہل کشمیر اور اہل فلسطین کے ساتھ ہے ۔
تازہ ترین