تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: عائشہ صنم خان
ملبوسات Nida's Collection:(کامران عقیل)
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: عالیہ نثار
لے آؤٹ: نوید رشید
اِن دِنوں موسم بےحد حسین ہے، نیلگوں آسمان پر کالی کالی بدلیاں بوندوں کی ملھار چھیڑنے کو بےقرار ہیں، تو فضاؤں میںبھی قوسِ قزح سے افسانوی و رومانی سے رنگ گُھلے ہیں۔ اور پھر اگر ایسی حسین و دِل کش رُت میں شادی بیاہ کی کسی تقریب کا کوئی بلاوا آجائے،تو بس پھر تو خود کو آراستہ و پیراستہ کرنے کے انداز بھی قاتل ادا ہی سے ہوں گے۔آج کل چوں کہ شادی بیاہ کا سیزن عروج پر ہے، تو اس بار ہم نے اپنی بزم بھی جدّت و ندرت سے بَھرپور کچھ ایسے ہی شان دار تقریباتی پہناووں سے مرصّع کی ہے کہ آپ پہن، اوڑھ کر جس محفل میں بھی جائیں گی،ہر نگاہ سے داد ہی پائیں گی۔
دیکھیے، شِمر فیبرک میں کورل پنک رنگ روایتی غرارے اور ائیر لائن پیپلم کی ہم آہنگی کیا خُوب معلوم ہو رہی ہے۔ غرارے کے جوڑ اور باٹم پر کرن کی آرایش ہے، تو پستئی رنگ ڈبل لیئر پیپلم کا اِنر بنارسی اور اَپر پر دھاگے کے ساتھ نگوں، نلکیوں اور موتی کا انتہائی حسین کام ہے۔بنارسی فیبرک میں سلورگِرے رنگ شرارے اور شِمر فیبرک میں قدرے چھوٹی قمیص کے اندازِ شاہانہ کے بھی کیا کہنے۔ شرارے پر بنارسی پھولوں کے درمیان کہیں کہیں نگ جَڑے ہیں، تو قمیص پر زری، سلمے، نگوں کے کام کے ساتھ، موتی کے ٹسلز کی بھی آرایش ہے، جب کہ کنٹراسٹ گلابی رنگ دوپٹا تو خُوب کِھلا کِھلا، نکھرا نکھرا سا تاثر دے رہا ہے۔اسی طرح ڈارک رسٹ پیراہن بےحد جاذبِ نظر ہے، تو آف وائٹ بنارسی سگریٹ پینٹ کے ساتھ شِمر فیبرک میں لائٹ پستئی رنگ تھریڈ، موتی ورک سے آراستہ قمیص کی دِل آویزی بھی کمال ہے۔ جب کہ آف وائٹ اور رسٹ کے امتزاج میں نفیس ہینڈورک سے مرصّع پہناوے کی جاذبیت تو جیسے خود منہ سے بول رہی ہے۔