• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیڈ روم اور ڈرائنگ روم کی ترتیب و آرائش عام طو رپر اتنی مشکل نہیں ہوتی کیونکہ اس میں سادہ فرنیچر استعمال ہوتا ہے مگر آپ کو پریشانی تب درپیش ہوتی ہے، جب ان کے لیے تھیم کا انتخاب کرنا ہو۔ کسی بھی خواب گاہ میں موجود بیڈ کو تمام آرائشی سامان میں مرکزی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ رات کی پُرسکون نیند اور خوابگاہ کی جدت بڑھانے کی غرض سے بھی اس کی موجودگی لازمی ہے۔ بیڈ روم میں فرنیچر کی موجودگی کمرے کو خوبصورتی اور رعنائی بخشتی ہے۔ بیڈروم کے لیے آپ بہت سی تھیم جیسے کاٹیج اسٹائل، فرینچ کنٹری اسٹائل یا بیچ اسٹائل کا انتخاب کرسکتےہیں۔ آپ کی رہنمائی کیلئے آج ہم بیچ اسٹائل بیڈ روم کی بات کرتے ہیں۔

نیلے رنگ کا انتخاب

یہ بات تو آپ جانتے ہی ہیں کہ ساحل سمندر کا نام سنتے ہی ذہن ہر طرف نیلگوں سماں دیکھنے لگتا ہے ۔ اسی لیے بیڈ روم کے داخلی دروازے پر آویزاں سجاوٹ سے لے کر کھڑکیوں کی آرائش، دیواروں پر لگے آرٹ ورک یا خوبصورتی کی غرض سے سجائے گئے فن پارے اور کمرے میں جابجا رکھی گئی آرائشی اشیا، نت نئے پردوں یا صوفوں میں نیلے رنگ کی جھلک یا شیڈ کا ہونا لازمی ہے۔ بیڈروم دیدہ زیب بھی ہوتو بیڈاسٹائل کو ساحل سمندر کا انداز دینے میں آپ کی خوابگاہ کی کشش میں ایک دم اضافہ ہوجائے گا اور آپ کے کمرے کو وہ رونق مل جائے گی جس کا تقاضا تہوار یا جدت کرتی ہے۔ ماہرین آرائش کے مطابق ہر انفرادی ذوق کی تسکین کے لئے کوئی نہ کوئی ڈیزائن موجود ہوتا ہے۔

بیچ کائوچ

آپ اگر بیڈ کے ساتھ رکھے صوفے یا کائوچ کو ’بیچ کائوچ‘ سے بدل دیں اور اس پر نیلے رنگ کی چادر ڈال دیں تو آپ نہ صر ف اس پر آرام کرسکتے ہیں بلکہ لیٹ کر اخبار یا کتاب وغیرہ بھی پڑھ سکتے ہیں۔

کینوپی

گھروں میں کینوپی اسٹائل بیڈ کا استعمال قدیم دور سے خاصا مقبول ہے، اگر اسے بیچ امبریلا کا انداز دے دیا جائے اور کھڑکیوں پر لگے پردوں پر سمندر کی تصاویر ہوں تو یہ ایک عمدہ تھیم سامنے لاتی ہے۔

جزیرہ نما بیڈ

جزیرے نما بیڈ کا انتخاب کمرے کی فطری خوبصورتی اور سادگی کوچھیڑے بغیر اس میں قدرتی دلکشی قائم رکھنے کے لئے مثالی ہے۔ گول طرز پر بنایا گیا بیڈ ایک منفرد اور انوکھا انتخاب ہوسکتا ہے، اس بیڈ کے لئے ضروری ہے کہ آپ بڑی اور کھلی جگہوں پر بنائے گئے بیڈ روم کا انتخاب کریں۔ گول طرز کا بیڈ کمرے کی شان و شوکت میں اضافہ کرتا ہے، دیکھنے میں واضح طور پر خوبصورت اور دلکش ہونے کے باعث یہ کمرے کو ایک جادوئی حسن عطا کرتا ہے۔اس بیڈ پر لگی نیلے رنگ کی بیڈ شیٹ پر مچھلیوں، سیپیوں اور گھونگوں کی تصاویر ہوں تو یہ ایک دلکش انداز ہو سکتا ہے۔

سمندری نظارے والے وال پیپرز

آپ اپنے بیڈ روم کی دیوار پر ایسے وال پیپرز لگا سکتے ہیں، جیسے آپ ساحل سمندر پر کھڑے ہوں یا جب آپ اپنے بستر پر دراز ہوں تو اپنے پیچھے سمند رکی لہریں محسوس کریں۔ اس ضمن میں تھری ڈی وال پیپرز آجکل خاصے مقبول ہیں، جو حرکت کرتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ آپ وال میورلز بھی بنواسکتے ہیں اور اگر صرف سادہ سا نیلے رنگ کا آرٹسٹک رنگ کروالیں تو بھی آپ کے بیڈر وم کی دیوار آپ کو ساحل سمندر کا احساس دے سکتی ہے۔

بیڈ شیٹ بھی نیلگوں

سلک ایک نرم و نازک احساس دیتی ہے اور بیڈ روم میں اس کی موجودگی ،خوبصورتی کو دوبالا کر دیتی ہے، نیلے رنگ کی بیڈ شیٹ آپ کے بیڈ روم کو جاذب نظر اور دلکش انداز دے گی۔

نیلے رنگ کے مثبت اثرات

رنگ ہمارے جسم اور دماغ پر غیر محسوس طریقے سے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ یہ ہماری دلچسپیوں اور ذہنی و جذباتی حرکات کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔ نیلے رنگ کی تمام اشیا کو دیکھنے، کھانے اور استعمال کرنے سے قدرتی طور پر سکون، اطمینان، ٹھنڈک، خوشی اور پاکیزگی کا احساس ہوتا ہے۔ نیلا رنگ بتاتا ہے کہ ’’میں پُرامید ہوں، ہار نہیں مانوں گا، ہمت رکھتا اور اعتماد کرتا ہوں‘‘۔ یہ رنگ پسند کرنے والوں میں تجزیاتی اہلیت پائی جاتی ہے۔

نیلے رنگ اور روشنی کو روحانی اور جسمانی، دونوں قسم کے علاج میں شفا بخش پایا گیا ہے۔ نیلا لباس، روشنی، اشیا اور نیلی دوا غرض بیماریوں سے شفا کے لیے سب سے زیادہ یہ رنگ استعمال ہوتا ہے۔ جب بھی آپ افسردہ ہوں، سر درد ہو، نسیان میں مبتلا ہوں، بدن اور پٹھوں میں درد یا کھنچائو محسوس کریں تو نیلے رنگ کی اشیا اور لباس کا انتخاب کریں۔ زیادہ سے زیادہ وقت اس رنگ کے زیر اثر گزاریں، آپ شفا پائیں گے۔ نیلا رنگ پسند کرنے والے دوسروں کا خیال رکھتے ہیں اور بے حد محتاط ہوتے ہیں۔ خود اپنا تجزیہ وقتاً فوقتاً کرتے رہتے ہیں۔ وہ نہ صرف حساس ہوتے ہیں بلکہ خود پر کنٹرول رکھنا بھی جانتے ہیں۔ وہ نیک سیرت اور بلند کردار کے حامل ہوتے ہیں۔

تازہ ترین