ٹی20 ورلڈ کپ 2007ء کی فاتح ٹیم کے کھلاڑی اور سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان کی اہلیہ صفا بیگ کی دھندلی تصاویر اور لباس تنقید کی زد میں آگیا۔
شہرت کے مثبت اور منفی پہلو ہوتے ہیں، کبھی کبھار شائقین حد سے بڑھ جاتے ہیں اور دل آزاری پر مبنی باتیں کہہ جاتے ہیں، جن سے مشہور شخصیات ہی نہیں اُن کے اہل خانہ بھی محفوظ نہیں رہتے۔
اس صورتحال کو بھارتی کرکٹرز سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا، جن کی کامیابی پر جہاں کروڑوں لوگ جشن مناتے ہیں، وہیں ناکامی پر سخت تنقید کی جاتی ہے، بعض اوقات نفرت انگیز رویہ کھلاڑیوں کے گھر تک پہنچ جاتا ہے۔
سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان کے ساتھ بھی ایسا ہی کچھ ہوا ہے، اُن کی اہلیہ صفا بیگ اکثر سوشل میڈیا پر نشانہ بنی رہتی ہیں، کبھی تنقید دھندلی تصویر پر ہوتی ہے تو کبھی نیل پالش لگانے پر اعتراض جڑ دیا جاتا ہے۔
ایک انٹرویو میں ٹی20 ورلڈ کپ 2007ء کی فاتح ٹیم کے کھلاڑی نے کہا کہ شروع میں اہلیہ پر سوشل میڈیا تنقید بہت بری لگی، اس کی کوئی ضرورت نہ تھی، والد اور اہلیہ ہمارے گھر کی سربراہ ہیں، ان سے متعلق بات اچھی نہیں لگتی، غلط طریقے سے ٹرولنگ ہوتی ہے تو اہلیہ کو بہت برا لگتا ہے جبکہ میری پالیسی ہے کمنٹس پڑھو ہی نہیں۔
عرفان پٹھان نے مزید کہا کہ میں عوامی شخصیت ہونے کے باوجود بہت پرائیویٹ انسان ہوں، سمجھتا ہوں کہ ہماری خوشیاں لوگوں کے سامنے نہیں آنی چاہئیں، میری اہلیہ کی اصل خوبصورتی اُن کی شکل نہیں کردار ہے۔
بھارتی فاسٹ بولر نے 18 سال کی عمر میں 2003ء میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، انہیں سابق کپتان ایم ایس دھونی کی وجہ سےاُس وقت ٹیم سے باہر کیا گیا تھا جب وہ اپنی پرفارمنس سے میچ جتوا رہے تھے۔
اس بارے میں عرفان پٹھان نے انکشاف کیا تھا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹین نے مجھے جو وجوہات بتائیں، اُن سے واضح ہوگیا تھا کہ اصل فیصلہ ایم ایس دھونی کا تھا، جو انہیں ٹیم میں نہیں چاہتے تھے۔