• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجیش کھنہ کی خفیہ شادی کی کہانی سامنے آگئی

بالی ووڈ کے لیجنڈ سپر اسٹار راجیش کھنہ کی خفیہ شادی سامنے آگئی، 56 سالہ اداکارہ انیتا اڈوانی نے اپنی خفیہ شادی کی کہانی سنادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹرویو میں انیتا اڈوانی نے بتایا کہ راجیش کھنہ نے مجھ سے خفیہ شادی کی تھی، مجھے سندور لگایا اور منگل سُتر بھی پہنایا تھا۔

انہوں نے اپنے وقت کے سپر اسٹار اداکار کے ساتھ اپنے تعلقات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ ہم نے خفیہ طور پر شادی کی تھی، اُس وقت فلم انڈسٹری میں کوئی بھی ایسے معاملات پر کھل کر بات نہیں کرتا تھا۔

انیتا اڈوانی نے مزید کہا کہ تعلق میڈیا میں رپورٹ نہ ہوجائے اس خوف سے لوگ یہی کہتے تھے کہ ہم دوست ہیں یا صرف رشتے میں ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ تھے تو ہمیں کبھی ضرورت نہیں پڑی کہ ہم پبلک میں جاکر اعلان کریں کہ ہم نے شادی کی ہے۔

اداکارہ نے شادی کی کہانی بیان کی کہ ہمارے گھر میں ایک چھوٹا سا مندر تھا، ایک رات راجیش کھنہ نے مجھے منگل ستر پہنایا، سنہری اور کالے موتیوں والی چوڑیاں پہنائیں، پھر سندور لگایا اور کہا کہ آج سے تم میری ذمے داری ہو۔

انیتا اڈوانی نے دعویٰ کیا کہ میں ڈمپل کپاڈیا سے بہت پہلے راجیش کھنہ کی زندگی آگئی تھی، اُس وقت میری کم عمری کی وجہ سے شادی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں میرے اور راجیش کھنہ کے تعلقات 8 سال تک رہے، یہاں تک کے 2012ء میں اُن کا انتقال ہوگیا کیونکہ انہیں 2011ء میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

56 سالہ اداکارہ نے دوران گفتگو الزام لگایا کہ راجیش کھنہ کی موت کے بعد اُن کے خاندان نے مجھے آخری رسومات میں شرکت نہیں کرنے دی۔

راجیش کھنہ نے اپنے کیریئر کے عروج میں 1973ء میں اداکارہ ڈمپل کپاڈیا سے شادی کی تھی، جوڑے کی دو بیٹیاں ٹوئنکل کھنہ اور رنکی کھنہ ہیں، تاہم ان میں 1982ء میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

انیتا اڈوانی نے 1978ء میں فلم شالیمار کے چھوٹے سے کردار سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور بعد فلم داسی چورنی، آؤ پیار کریں اور سازش میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، وہ بگ باس 7 کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید