• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی منتخب نمائندے مسئلہ کشمیر حل کرائیں، راجہ فاروق

امریکی عوام کے منتخب نمائندے اپنی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ امریکی حکومت تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور خود امریکی حمایت سے منظور ہونے والی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرائے۔ ایسا کرنا خود امریکی آئین اور انسانی حقوق کے احترام سے جڑی امریکی روایات کا تقاضہ ہے۔


ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے فریسکو ٹیکساس میں کشمیری رہنما ساؤتھ ایشیا ڈیمو کریسی واچ کے بورڈ ڈائریکٹر راجہ مظفر کی رہائش گاہ پر ایک فیملی استقبالیہ میں موجود امریکی رہنماؤں سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ٹیکساس ایوان نمائندگان کی منتخب رکن ٹیری میزا نے ایوان نمائندگان میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد وزیر اعظم آذاد کشمیر کو پیش کی۔

راجہ فاروق حیدر خان نے ٹیری میزا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں5 اگست کے بعد سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم سے  آگاہ کیا۔

‎وزیر اعظم آذاد کشمیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر میں میں پانچ اگست کے بعد سے بدترین لاک ڈاؤن ہے، بھارتی فوج کو قتل عام کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے، دنیا اس کا نوٹس لے۔

‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق سینیٹر ٹام برمر، سابق اسٹیٹ نمائندہ لان برنم کے علاوہ امریکی سیاست میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات، مسلم ڈیمو کریٹک پارٹی، ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ اور ڈیلاس پیس سینٹر سے وابستہ رہنماؤں نے جموں کشمیر کی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اپنی حکومت تک ان جذبات اور احساسات پہنچائیں گے جن کا اظہار اس تقریب میں کیا گیاہے۔

‎مسلم ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما سید فیاض حسن نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے حق آذادی اور اس کے حصول میں انکی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پارٹی میں آواز اٹھائیں گے۔ امریکا کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے میں اپنا لیڈر شپ رول اداکرے۔

‎ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے صدر امیر مکھانی نے کشمیر کی صورت حال کو جنوبی ایشیا کی سلامتی کے لیے بھی ایک خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ پر بات چیت کا دروازہ کھولا جائے۔

‎ڈیلس پیس سینٹر میں مڈل ایسٹ اور کشمیر کمیٹی کے سربراہ آفتاب صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے وہ انتہائی سنگین ہے، خطے کے حالات پر تمام لوگوں کو انتہائی تشویش ہے۔ ڈیلس پیس سینٹر کی کوشش ہو گی کہ وہ امن کی کوششوں میں اپنا ہاتھ بٹائے۔

‎تقریب کے میزبان راجہ مظفر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی عدم توجہ سے کشمیر ایک بارود کا ڈھیر بن چکا ہے۔ اگر فوری توجہ نہ دی گئی تو بارود کا یہ ڈھیر پھٹ کر علاقائی ہی نہیں بلکہ عالمی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دے گا۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو بھارتی حکومت کے جارحانہ اقدام کی وجہ سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی سطح جنگ کے خطرے کے نشان تک پہنچ گئی ہے، فوری موثر اقدامات نہ اٹھائے گئے تو دنیا کو ایک خوفناک جنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

‎تقریب میں شہر کی چیدہ چیدہ اہم شخصیات نے شرکت کی اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات کرکے ان سے مختلف امور پرسوالات بھی پوچھے۔

تقریب ورکنگ ڈے ہونے کے باوجود رات گئے جاری رہی۔

تازہ ترین