• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے ڈاکوؤں کا واٹس ایپ گروپ اور سوشل ویلفیئر کا نظام

کراچی( افضل ندیم ڈوگر)کراچی میں واٹس ایپ پر"ڈکیت قومی موومنٹ" کے نام سے گروپ بناکر اسٹریٹ کرمنلز کو منظم کرنے والے گروہ نے اپنے گروپ کے ممبران کی مدد کیلئے سرکاری اداروں کی طرز پر ویلفیئر کا نظام بھی بنا رکھا ہے۔ "ڈی کیو ایم" کے سرغنہ اور اس کے ساتھی کو عدالت نے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ ایس ایچ او عزیزآباد حاجی ثناء اللہ نے "جنگ" کو بتایا کہ ملزمان ارسلان عرف چکنا اور فرحان عرف کوڈو پولیس کو ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ عزیزآباد میں ڈکیتی کا مقدمہ الزام نمبر 19/ 173درج ہے جس میں اس گروپ کا ایک ساتھی کامران عرف ناکو کچھ عرصہ قبل گرفتار ہوا تھا اور باقی ملزمان فرار ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق تین دن قبل ان دونوں ملزمان کی گرفتاری کی گئی تو ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو عدالت نے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے وارداتوں کی لگ بھگ سینچری مکمل کرلی ہے ملزمان نے ڈکیت قومی موومنٹ کے نام سے واٹس ایپ گروپ بنا رکھا ہے۔ جس میں ان کے علاوہ لگ بھگ 10ملزمان ممبران ہیں اور ارسلان اس گروپ کا ایڈمن ہے جو ہر واردات کی منصوبہ بندی واٹس ایپ گروپ میں کرتے ہیں اور ایک واردات میں مختلف چار سے پانچ ڈکیت شامل ہوتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ان کے گروہ نے مختلف علاقوں میں بینکوں سے رقوم لے کر نکلنے والے شہریوں سے لوٹ مار کی۔ ملزمان نے عزیز آباد، ناظم آباد، نیو کراچی، میٹھادر، کھارادر، گارڈن اور بریگیڈ تھانوں کے علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ڈی کیو ایم گرہ کے ملزمان متعدد بار گرفتار ہوئے اور جیل بھی جا چکے ہیں۔ ملزمان کے مطابق وہ ایک دوسرے کو بذریعہ واٹس ایپ وارداتوں کیلئے بلواتے تھے تاکہ گرفتاری کے بعد کال ڈیٹا ریکارڈ کے ذریعے ان کا ریکارڈ پکڑا نہ جاسکے اور گرفتاری سے بچا جا سکے۔ گروہ کے گرفتار ساتھیوں کی قانونی اور زخمی ہونے والوں کی طبی امداد اور علاج معالجہ بھی گروپ کے ذمے ہے۔

تازہ ترین