وزیر ریلوے شیخ رشید کہتے ہیں کہ نازی مودی کے اقدامات سے کشمیر کا مسئلہ دوبارہ اجاگر ہوا ہے، دنیا مودی کے خلاف اکٹھی ہو رہی ہے۔
دھیر کوٹ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 72 سال سے کشمیری ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، ہر پاکستانی کشمیر کی آزادی کے لئے عمران خان کا ساتھ دے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگر مودی نے پاکستان پر حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جاوید میانداد کےایک چھکے پر مقبوضہ کشمیرمیں 6 کشمیری شہید ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ لال حویلی کا رشتہ سری نگر کے لال چوک سے ہے، سری نگر کے ایک ایک چپے سے واقف ہوں، آج بھی میرے خاندان والوں کی قبریں مقبوضہ وادی میں شہداء کے قبرستان میں ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں کسی کی مدد نہیں چاہیے، ہماری نظریں اللہ کی طرف ہونی چاہئیں، اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو پوری دنیا کی میڈیا کےتوسط سے کہتا ہوں یہ آخری جنگ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جس نے کشمیریوں سے غداری کی اسے قوم کتوں کے آگے ڈال دے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان تو کہتے ہیں ایک سے دو مہینے میں کشمیر کا فیصلہ ہوجائے گا،جبکہ میرے خیال میں آئندہ سال مارچ تک کشمیر کا معاملہ طے پا جائے گا۔