بھارتی اداکار شاہ رخ کو اُن کی نئی ویب سیریز کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں کِنگ خان سے مشہور اداکار شاہ رخ خان نے آن لائن فلم اسٹریمنگ کمپنی ’نیٹ فلیکس‘ کے لئے ایک ویب سیریز پروڈیوس کی ہے، اُن کی یہ ویب سریز 7 قسطوں پر مشتمل ہے۔
شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی پہلی ویب سیریز ’بارڈ آف بلڈ‘ کا ٹریلر جاری کیا تو سوشل میڈیا پر اداکارکے مداحوں کی جانب سے اُن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اداکار شاہ رخ خان کی یہ ویب سیریز دہشتگردی پر بنائی گئی ہے ، ’بارڈ آف بلڈ‘ بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایسے ایجنٹ پر ہے جس کو پاکستان کے صوبے بلوچستان میں خفیہ مِشن کے لیے بھیجا جاتا ہے لیکن وہ ایجنٹ اپنے مِشن میں ناکام ہوجاتا ہے جس کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسی اُس ایجنٹ کو نوکری سے فارغ کردیتی ہے۔
نوکری سے نکال دینے کے بعد وہ بھارتی ایجنٹ ایک کالج میں پروفیسر کی نوکر ی کرنے لگ جاتا ہے لیکن کچھ ہی عرصے کے بعد وہ بھارتی خفیہ ایجنسی اُس ایجنٹ کو دوبارہ سے اُسی مِشن پر بھیجتی ہے۔
’بارڈ آف بلڈ‘ کا مرکزی کردار وہ ایجنٹ ہے جِس کو پاکستان مِشن کے لیے بھیجا جاتا ہے اور اِس کِردار کو بھارتی فلم انڈسٹری کے مسلمان اداکار عمران ہاشمی نے ادا کیا ہے، اِس ویب سیریز کو پروڈیوس کرنے والا بھی مسلمان اداکار شاہ رخ خان ہے اور مرکزی کردار کرنے والا بھی مسلمان اداکار ہی ہے ، جس کے بعد یہ واضح ہے کہ یہ ویب سیریز ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بنائی گئی ہے۔
کِنگ خان کی اس ویب سیریز کے بعد اُن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نتاشا کُنڈی نامی ایک صارف نے کہا کہ ’شاہ رخ خان پاک بھارت کشیدہ صورتحال میں اس ویب سریز کے ذریعے اپنے رہنماوئوں کو خوش کررہے ہیں، آپ کے پاس نفرت کا اظہار کرنے کے لیے اس سے اچھا موقع نہیں ہوسکتا۔‘
صحافی صباحت ذکریہ نے بھی شاہ رخ خان پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’شاہ رخ خان وہی بھارتی اداکار ہیں جو اب تک مسئلہ کشمیر پر خاموش ہیں اور اپنی دولت بڑھانے کے لیے ابھی بھی مسلمانوں کو ہی دہشتگرد دِکھا رہے ہیں۔‘
دوسری جانب پاکستانی اداکارہ منشہ پاشا نے بھی شاہ رخ خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’کیا بھارت کے پاس فلم بنانے کے لیے پاکستان کے علاوہ کوئی موضوع نہیں ہے؟‘
ماہِ دوراں نامی ایک اور ٹوئٹر صارف نے ’لارڈ آف بلڈ‘ ویب سیریز کے خلاف ٹوئٹ کیا کہ ’پاکستان بنانے کے لیے قائداعظم کا شکریہ ادا کرتی ہوں ، شاہ رخ خان اُن بزدل مسلمان اداکاروں میں سے ہیں جن کو صرف پیسوں اور شہرت سے محبت ہے، اصل میں یہ وہ ہندو ہیں جو بھارتی منفی سوچ سے محبت کرتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی اس ویب سیریز کو 27 ستمبر کو ’نیٹ فلیکس‘ پر جاری کیا جائے گا۔