کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے حالیہ بارشوں میں کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث 40 سے زائد اموات سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی درخواست پر چیئرمین نیپرا، سیکریٹری پانی و بجلی ، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ جسٹس صلاح الدین پہنور اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو حالیہ بارشوں میں کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث 40 سے زائد اموات سے متعلق کے الیکٹرک کےخلاف جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ حافظ نعیم الرحمان کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف پیش کیاکہ کے الیکٹرک کی غفلت سے کئی اموات ہوئیں ہیں۔ پولیس کے الیکٹرک کےخلاف مقدمہ درج نہیں کرتی۔ دنیا کو چھوڑیں لیکن ملک میں بھی ایسا ناقص نظام نہیں۔ لوگ ایسے مر رہے ہیں جیسے کوئی جانور ہوں کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔ حالیہ بارشوں میں 40 سے زائد اموات ہوئیں۔ عدالت نے موقف سننے کے بعد چیئرمین نیپرا، سیکریٹری واٹر این پاور، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔