ملتان (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماو سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو طبی سہولتیں فراہم نہ کرنا مجرمانہ غفلت ہے ڈاکٹرز کی رپورٹس کے باوجود طبی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آصف زرداری رہائی کمیٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر سلیم الرحمنٰ میو سے ملاقات میں کیا انہوں نے کہا کہ حکومت کے پیدا کردہ حالات میں آصف زرداری کی جان کو خطرہ ہے جبکہ آصف علی زرداری طبی بنیادوں پر کسی قسم کا ریلیف لینے کو تیار نہیں اور جو مقدمات بنائے گئے ہیں وہ تمام من گھڑت اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر بنائے گئے ہیں ہم پہلے بھی عدالتوں میں سرخرو ہوئے تھے اور اب بھی باعزت طور پر جلد سرخرو ہوں گے انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ٹرائل سے پیپلز پارٹی کی مقبولیت کم نہیں ہوگی تحریک انصاف عوام کو ریلیف دینے اور سفارتی سطح پر مسلم اتحاد قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ملاقات کے موقع پر صداقت اللہ خان نیازی،آصف فرید کلیانی، اعجاز یوسف زئی بھی موجود تھے ۔