• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری کا نو عُمر ریپر وقاص بلوچ


لیاری سے تعلق رکھنے والے 8 سالہ ریپر نے اپنی عُمدہ ریپنگ سے ہر ایک کا دِل جیت لیا۔

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن بدقسمتی سے وسائل کی کمی کی وجہ سے بہت سے لوگوں کے ٹیلنٹ کو اُس طرح سے پذیرائی نہیں ملتی جتنی اُن کو ملنی چاہیے۔

ٹیلنٹ کے نام سے شہرِ قائد کا ایسا علاقہ مشہور ہے جو وسائل کی کمی کا تو شکار ہے لیکن یہ علاقہ حقیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہے، یہ علاقہ ’لیاری‘ ہے۔

لیاری کے عوام میں ہمیں ہر وہ ٹیلنٹ دیکھنے کو ملتا ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر بےحد پذیرائی حاصل ہے، جیسے فٹ بال، باکسنگ، ڈانسنگ، گلوکاری اور ریپنگ وغیرہ۔

ایسے ہی لیاری کے ٹیلنٹ کو اُجاگر کیا ہے وقاص بلوچ  نے جس کی عُمر صرف 8 سال ہے، وقاص بلوچ لیاری کا سب سے کم عُمر ریپر ہے۔

وقاص بلوچ ’تھائوزنڈ‘ (Thou$sand) کے نام سے مشہور ہے، وقاص کو یہ نام اُس کے بڑے بھائی آصف نے دیا ہے جو کہ خود بھی ایک ریپر ہے۔

وقاص بلوچ کا کہنا ہے کہ میں نے ریپنگ اپنے بڑے بھائی آصف سے سیکھی ہے اور میرا بھائی ہی میرا آئیڈیل ہے۔ وقاص نے کہا کہ میں نے 5 سال کی عُمر میں ریپنگ سیکھنا شروع کی تھی۔

ریپر وقاص بلوچ کا کہنا تھا کہ میں تھاپ (Beat) سُن کر ریپنگ کے لیے سانگ (Song) لِکھتا ہوں۔

وقاص کے بھائی ریپر آصف کا کہنا ہے کہ میرے بھائی میں ریپنگ کی حقیقی صلاحیتیں موجود ہیں، اِس کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے میں نے وقاص کو اپنے بینڈ میں شامل کیا ہے۔

آصف نے مزید کہا کہ میرا بھائی بہت جلدی سیکھ جاتا ہے اور وقاص کو ریپنگ کا اِتنا جنون ہے کہ ریپنگ سیکھنے کے لیے اسکول کی دو کلاسز بھی چھوڑی ہیں۔

ریپر آصف کا لیاری کے وسائل کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ بہت ہے لیکن ہمیں مالی وسائل کی کمی ہے، بعض اوقات ہمیں کئی مہینوں تک تنخواہ نہیں مِلتی ہے۔

واضح رہے کہ ریپر وقاص بلوچ نے حال ہی میں اپنا ریپ گانا KAKY ریکارڈ کیا ہے، جس کے یوٹیوب پر آٹھ ہزار سے زیادہ آراء ہیں۔

تازہ ترین