• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیپک ٹاکرا: پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کھیلنے سے انکار

سیپک ٹاکرا: پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کھیلنے سے انکار


مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوجی لشکر کشی اور بربریت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے بنکاک میں کنگز کپ ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔

34 ویں کنگز کپ ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ ان دنوں تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری ہے۔ ٹیم ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا جانا تھا لیکن پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے مقبوضہ کمشیر پر بھارتی لشکر کشی اور گزشتہ کئی دنوں سے کرفیو کی آڑ میں عوام پر بہیمانہ تشدد کے خلاف بھارت سے میچ کھیلنے سے انکار دیا۔

میچ سے قبل پاکستان سیپک ٹاکرا کے جنرل سیکرٹری نوشاد احمد نے ٹیم انتظامیہ ڈاکٹر عارف حفیظ، شبیر احمد، عارف وحید اور کھلاڑیوں سے اہم میٹنگ کے بعد بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے نوشاد احمد نے بتایا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد ہورہا ہو اور پاکستانی ٹیم بھارتی ٹیم کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ان کے ساتھ میچ کھیلے۔

وہ ہمارے مسلم بھائیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ شیر و شکر ہوجائیں، ہم کم از کم اتنا تو کرسکتے ہیں، ان کے کشمیر پر ظلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میچ کا بائیکاٹ کریں تاکہ ایونٹ میں شرکت کرنے والی40 ٹیموں اور ان کے ممالک کو میچ کا بائیکاٹ کرنے کی وجہ پتہ چل سکے۔

قومی ٹیم کی کارکردگی کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

قبل ازیں بنکاک میں جاری چیمپئن شپ میں پاکستان ویمنز سیپک ٹاکرا ٹیم کو ریگو ایونٹ میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد عراق سے 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے میچ میں کوریا نے بھی پاکستانی ٹیم کو2-0 کی شکست دی۔ پاکستان مینز ٹیم ریگو ایونٹ میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہار گئی۔

تازہ ترین