بہاولپور کے قریب ایمپریس برج کے مقام پر سیلابی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے ، سکھر بیراج اور راجن پور میں دریائے سندھ کے کنارے آباد کچے کے علاقوں میں سیلابی پانی کم ہو رہا ہے۔
دریائے ستلج میں بہاولپور کے مقام پر انتہائی نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ سیلابی پانی ایمپریس برج سے گزر کر ہیڈپنجند کی طرف بڑھ رہا ہے، فلڈ کنٹرول کے مطابق ایمپریس برج کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے اور پانی کا بہاؤ 26ہزار کیوسک ہے۔
دریائے ستلج میں ہیڈ سائفن کے مقام پر پانی کا بہاؤ 30ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، ضلع انتظامیہ کے مطابق احمد پور شرقیہ کے دریا کے بیڈ میں آباد درجنوں بستیوں اور کاشت کی گئی فصلوں کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
راجن پور میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، فلڈ کنٹرول روم کے مطابق کوٹ مٹھن کے مقام پر ایک لاکھ 85ہزار کیوسک پانی گزرہا ہے، کچے کے علاقوں میں سیلابی پانی کی سطح کم ہوگئی ہے، سکھر بیراج پر سطح آب میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
سکھر بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 57 ہزار 500 کیوسک اور پانی کا اخراج 1 لاکھ 4 ہزار 20 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔