• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسا لگ رہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کی تقرری اب رسمی کارروائی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے لئے جمعرات کو لاہور میں انٹر ویو ہوئے۔ مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس بولنگ کوچ کے عہدے کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ وقاریونس انٹر ویو دینے خاص طور پر سڈنی سے لاہور پہنچے ہیں۔

سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ جب سب کچھ طے تھا، تو ڈرامہ رچانے کی کیا ضرورت تھی؟ کسی کا بھی تقرر کیا جاتا، لیکن میرٹ پر کوچز لگا کر ہی ٹیم کو اوپر لایا جاستکا ہے۔

سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کے انٹر ویو سے قبل دستبردار ہوگئے ۔ بولنگ کوچ کے امیدوار جلال الدین کا کہنا تھا کہ اگر میرا نام شارٹ لسٹ امیدواروں میں شامل تھا تو مجھے اس بارے میں بتانا ضرور چاہیے تھا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، رکن گورننگ بورڈ اسد علی خان، سابق کپتان انتخاب عالم اور سابق کرکٹر و کمنٹیٹر بازید خان پر مشتمل 5 رکنی پینل نے انٹرویو لئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ کے لئے فیورٹ مصباح الحق کا انٹر ویو ڈیڑھ گھنٹے جاری رہا۔

محسن حسن خان نے بھی انٹر ویو دیا جبکہ بولنگ کوچ کے لئے وقار یونس انٹر ویو دینے آئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈین جونز نے اسکائپ پر انٹر ویو دیا۔

محمد اکرم کے بعد ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وقار یونس ،اظہر محمود کی جگہ بولنگ کوچ کے لئے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔

جمعرات کو محمد اکرم نے کہا کہ میں کوچنگ کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں، میں جس کام سے منسلک ہوں اس سے خوش ہوں، میں نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ میں بولنگ کوچ کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں۔

محمد اکرم نے کہا کہ امیدواروں کے لئے نیک خواہشات ہیں ۔میں انٹرویو کے لئے لاہور نہیں آرہا۔ ان دنوں گھر پر آرام کر رہا ہوں ۔حج سے واپسی پر طبعیت ناساز ہے۔

ون ڈے کرکٹ میں پہلی ھیٹ ٹرک کرنے والے جلال الدین نے بھی بولنگ کوچ کیلئے اپلائی کیا تھا، لیکن انھیں کوئی جواب نہیں ملا۔ انکا کہنا تھا کہ اگر نام شارٹ لسٹ کئے تو انہیں آگاہ کیا جانا چاہیے تھا ۔

امیدوار اب صرف وقار یونس ہی رہ گئے ہیں، تو انٹریوکا کیا کرنا ۔ پی سی بی سے کوئی شکایت نہیں لیکن اگر کوئی اپلائی کرے تو انہیں پروپر جواب دیا جائے۔پی سی بی سسٹم میں پر وفیشنل ازم نہیں ہے بس سب کچھ دکھاوے کے لئے ہورہا ہے۔

اگر سب کچھ پہلے ہی طے تھا تو جن کا تقرر ہونا ہے ان سے پہلے بات کر لی اب اشتہار دے کر بے وقوف بنایا جارہا ہے۔

سابق ٹیسٹ اوپنر صادق محمد نے بھی بیٹنگ کوچ کے لئے درخواست دے رکھی ہے۔

پی سی بی کا یہ پینل اپنی حتمی سفارشات منظور ی کے لئے چیئرمین احسان مانی کو بھیجے گا۔

تازہ ترین