• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری ،2محبوس بچیوں کو بازیاب کرانے کا حکم

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے منشیات کے مقدمہ میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 3 پولیس اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ مظفرآباد کو حکم دیا ہے کہ ٹرینی اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اقبال ، ہیڈ کانسٹیبل نذر حسین اور کانسٹیبل محمد اشفاق کو گرفتار کرکے 4 اکتوبر کو عدالت کے روبرو پیش کریں،فاضل عدال نے ایس ایچ او تھانہ بستی ملوک کو حبس بے جا کی درخواست میں 2محبوس بچیوں کو بازیاب کراکے 31 اگست کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت میں سمیرہ بی بی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اس کی 2 کمسن بیٹیوں ماریہ اور عالیہ کو اس کے شوہر اقبال نے گھر میں گھس کر اٹھا لیا اور درخواست گزار کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا بیٹیوں کو بازیاب کرانے کا حکم دیا جائے، جسٹس آف پیس نے شہری کو تشدد کا نشانہ بناکر چھت سے پھینکنے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس پی کپلینٹ سیل سے 6 ستمبر کو جواب طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت میں شیخ ارشد ضیاء نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اسکے بھائی نوید اور بھتیجے غفران نے جائیداد کے تنازع پر تشدد کا نشانہ بنایا ، پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ، سیشن کورٹ نے منشیات کے ملزم خالد سین والا کو سمن جاری کرتے ہوئے 4 ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے ،جسٹس آف پیس نےمحکمہ بلڈنگ سے بغیر منظور شدہ ویلڈنگ اور بینڈنگ کا کارخانہ بنانے والوں کے خلاف دعوی دائر کرنے والے شہری کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور سے 2 ستمبر کو جواب طلب کرلیا ہے،عدالت میں شہری مجاہد حسین نے درخواست دائر کی تھی،جوڈیشل مجسٹریٹ نے نشتر ہسپتال کے باہر ایمبولنس کھڑی کرنے کے معاملے پر فائرنگ کرنے اور اقدام قتل کے مقدمے میں گرفتار 4 ملزمان کاشف، یونس، شکیل اور خاور خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے، جبکہ ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث ملزمان عبدالحمید، عبدالمجید اور شبیر احمد کو مدعی فیض بخش کے بیان پر ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے،فاضل عدالت نے اغوا اور زیادتی کے ملزم عبدالخالق کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین