• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پاکستانی گانا سُن کر فلم ’منٹو‘ کی شوٹنگ کرتا تھا‘

بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے کہا ہے کہ وہ مومنہ مستحسن کا گانا ’تیرا وہ پیار‘سن کر فلم منٹو کی شُوٹنگ کا آغاز کیا کرتے تھے۔


بھارتی ورسٹائل اداکار نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اپنی فلم منٹو کے دوران صرف ایک ہی گانا سنتے تھے، انہوں نے پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن کا نام لیتے ہوئے بتایا کہ اُن کا ایک گانا ’تیرا وہ پیار ‘ دورانِ شوٹنگ سنتے تھے۔


انہوں نے مزید کہا کہ وہ جب بھی شوٹنگ کا آغاز کرتے تھے تو وہ مومنہ مستحسن کا گانا ضرور سنتے تھے اور اپنے ہی خیالوں میں گُم ہوجاتے تھے حالانکہ فلم منٹو سے اُس گانے کی مماثلت نہیں تھی۔


واضح رہے کہ گانا ’تیرا وہ پیار‘ پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن اور گلوکار عاصم اظہر نے مل کر کوک اسٹوڈیو کے لیے گایا تھا۔ اس گانے کو پاکستان میں بھی بہت پسند کیا گیا تھا۔

گلوکار شجاع حیدر نے انٹرویو کی ویڈیو  اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جس کے بعد عاصم اظہر اور مومنہ مستحسن نے نواز الدین صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔

مومنہ مستحسن نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری  میں نواز الدین صدیقی کی تعریف کو اپنے لئے اعزاز کہا۔

بالی ووڈ کو کئی نامور فلمیں دینے والے 45سالہ نواز الدین صدیقی اپنی جاندار اداکاری اور کردار میں ڈھل جانے کے باعث شہرت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں ورسٹائل اداکار کہا جاتا ہے ۔

نواز الدین صدیقی نے مشہور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بننے والی فلم ’منٹو‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم منٹو کو ’کانز فلم فیسٹول ‘ میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

تازہ ترین