اسلام آباد(مہتاب حیدر)ایف بی آر نے گذشتہ مالی سال 19-2018ء میں مجموعی طور پر 110 ارب روپے کے مقابلہ میں رواں مالی سال 20-2019 کے دوران سگریٹ انڈسٹری سے150ارب کا ریونیو حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا ہے، دوبڑی ٹوبیکو کمپنیوں سے 140 ارب روپے اور غیر قانونی ٹوبیکوسے 10 ارب روپےٹیکس اکٹھا کریں گے ۔ایف بی آر کے ممبر ان لینڈریونیوپالیسی ڈاکٹر عتیق سرور نے سوشل پالیسی اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام پالیسی ڈائیلاگ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے لئے ایف بی آر نےفیڈرل ایکسائز ڈیو کی مد میں 115 ارب اور جی ایس ٹی کے طور پر 25 اربروپے جمع کرنے کا تخمینہ لگایا ہے جبکہ ایف بی آر غیر قانونی سگریٹ سے 10 ارب روپے جمع کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جی ایل ٹی پی کو آزادکشمیر میں رکھا جائیگا،انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے آزاد جموں و کشمیر سے سگریٹ کی اسمگلنگ پر قابو پانے کے لئے منگلا پر سخت نگرانی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور فوج نے سند ھ سے پنجاب تک اسمگلنگ کو روکنے کے لئے ہماری مدد کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔