• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب پولیس کا کینسر ڈسپرین سے ٹھیک نہیں ہوگا، فردوس

وزیراعظم عمران خان کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کا ’کینسر‘ ڈسپرین سے ٹھیک نہیں ہوگا۔

ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے یونیفارم میں ملبوس عورت کی طرف سے تحفظ مانگنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ خواتین پر تشدد معاشرتی رویّوں کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھپڑ کھانے والی لیڈی کانسٹیبل کے پیٹی بند بھائی نے وکیل کو ریلیف دینے کے لیے ایف آئی آر میں غلط نام کا اندراج کیا۔

مشیر برائے اطلاعات نے آئی جی پنجاب کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کا پتا لگانے کے لیے ’منجی تلے ڈانگ پھیریں‘۔

فردوس اعوان نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے کینسر کا علاج ڈسپرین سے نہیں ہوگا، اس کے لیے بڑے آپریشن کی ضرورت ہے۔

سماجی کارکن فرزانہ باری نے اس حوالے کہا کہ صرف ایک لیڈی کانسٹیبل کو نہیں، پورے ملک کی ورکنگ لیڈیز کو تھپڑ مارا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خاتون پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے والے وکیل کی ضمانت عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔

فرزانہ باری کا کہنا تھا کہ خاتون اہلکار پر ہاتھ اُٹھانے والے کی ضمانت ہونا وکیل گردی کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔

تازہ ترین