• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل:سوزین خان

ملبوسات:پریسا

آرایش :بیوٹی لاؤنج بائےرباب حفیظ

عکّاسی:عرفان نجمی

لے آؤٹ :نوید رشید

نیلگوں آسمان کے آنچل سے جب کالے کالے بادل جھانکنے لگیں، مینہ برسنے کی آس بندھے، تو کئی دِلوں میں تو یونہی بے سبب خوشی کی پھلجڑیاں سی پُھوٹنے لگتی ہیں۔ ہر منظر آپ ہی آپ بہت دِل کش و خوش نما سا لگنے لگتا ہے اور پتا بھی نہیں چلتا کہ کتنی ساعتیں یوں ہی بیت گئیں۔ پھر بوندوں کی ملھار کانوں میں رَس ٹپکائے، قوسِ قزح شوخ رنگوں کی جادوگری دکھلائے، دُھلی دُھلی سی فضا مُسکرانے، ہوائیں نغمے گانے لگیں، تو بے اختیار ہی مَن بھی گنگنانے لگتا ہے ؎ابر اُترا ہے چار سُو دیکھو…اب وہ نکھرے گا خوب رُو دیکھو…سُرخ اینٹوں پہ ناچتی بارش…اور یادیں ہیں رُوبرو دیکھو…ایسے موسم میں بھیگتے رہنا …ایک شاعر کی آرزو دیکھو…۔

ان دِنوں موسم کچھ ایسا حسین، قاتل ادا ہو رہا ہے کہ زندگی کی ہر ادا، ہر روپ پیارا، نیارا لگنے لگاہے۔ تب ہی تو ہم نے اپنی بزم بھی کچھ ایسے ہی حسین و دِل کش رنگ وانداز سے مرصّع کی ہے کہ جنہیں دیکھتے ہی آپ کا تن مَن کِھل اُٹھے۔ذرا دیکھیے تو گلابی اور جامنی رنگوں کے امتزاج میں ٹراؤزر اور قدرے شارٹ قمیص کا اندازکیسا پیارا لگ رہا ہے۔ فیبرک کی بیس سیلف پرنٹڈ ہے، جب کہ ٹرائوزر کے باٹم، قمیص کے دامن، گلے اور آستینوں پر پھولوں کا پرنٹ خوش گوار تاثر چھوڑ رہا ہے۔ پھر ایک جانب سُرخ رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ فلورل پرنٹڈ قمیص اور دوپٹے کا انتخاب ہے، تو دوسری طرف سیاہ و سفید رنگوں کے سدا بہار کامبی نیشن میں اسٹرائپڈ ڈانگری کی جدّت و ندرت کا بھی جواب نہیں۔ اِسی طرح بلیو جینز کے ساتھ سفید اور گِرے کے امتزاج میں بلاک پرنٹڈ بوٹ نیک قمیص کاجلوہ ہے، تو نیوی بلیو اور سفید کے کامبی نیشن میں چیک اسٹرائپڈ شرٹ کے اندازِجداگانہ کے بھی کیا کہنے۔

تو کہیے ،یہ سادہ و عمدہ پہناوے دیکھ کر آپ بھی بے اختیار گنگنانے پر مجبور ہوگئےناں؎رنگ، خوشبو اور موسم کا بہانہ ہوگیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین