• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھوٹا درس دیکرعمران اپنی نالائقی پر تنقید کا خوف ختم نہیں کر سکتے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب ٹویٹ سے نوجوانوں کو جھوٹا درس دے کر آپ اپنی نالائقی پر تنقید کا خوف ختم نہیں کر سکتے۔ اپنی نالائقی پہ تنقید کے ڈر سے تو آپ نے پوری اپوزیشن اور ہر مخالف آواز بند کر دی ہے۔ وزیراعظم کے ٹویٹ پر ردِ عمل میں پیر کو انہوں نے کہاکہ آپ تنقید سننا برداشت نہیں کرتے، اِس لئے ایک سال میں ہر شعبے میں تبدیلی کی جگہ صرف تباہی آئی ہے۔ اگر آپ اپنی نالائقی پر تنقید برداشت کر سکتے تو آج معیشت ، کاروبار اور روزگار تباہ نہ ہو ا ہوتا اور ایک سال میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا نہ ہوتی، آپ تنقید برداشت کرتے تو پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے میٹرو میں تبدیل ہو چکے ہوتے ، ایک سال میں گیس دو سو فیصد، بجلی 25 فیصد مہنگی نہ ہوتی اور نہ ہی آج پولیو کے کیسس 62 اور ڈینگی کے مریض ایک ہزار سے زیادہ نہ ہوتے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ اگر آپ اپنی نالائقی پر تنقید برداشت کر سکتے تو کامیابی سے چلتا ہوا ہر منصوبہ تباہ نہ ہوتا۔ اگر آپ اپنی نالائقی پہ تنقید برداشت کر سکتے تو اپوزیشن جیلوں میں بند نہ ہوتی۔
تازہ ترین