• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹی پی سربراہ سمیت متعدد افراد عالمی دہشتگرد قرار، امریکا

امریکا نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے نور ولی محسود سمیت متعدد افراد کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ۔

امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے اس فہرست میں حماس، القاعدہ، داعش اور سپاہ پاسداران انقلاب سے منسلک 15 افراد اور عناصر شامل ہیں۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ نور ولی محسود بھی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں، یہ پابندیاں نائن الیون حملے کے 18 برس پورے ہونے پر امریکی صدر کے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت لگائی گئی ہیں۔

امریکا کی جانب سے 2018ء میں کیے گئے ایک ڈرون حملے میں ملا فضل اللہ کے مارے جانے کے بعد نور ولی محسود کو کالعدم ٹی ٹی پی کا سربراہ بنایا گیا تھا۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق حماس کے فنانس آفیسر ظاہر جبرین اور قدس فورس کے چیف سعید آزادی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

برازیل میں مقیم القاعدہ کا رکن اور ملاوی کا باشندہ بھی اس فہرست میں شامل ہے،یہ ملاوی باشندہ افغانستان میں داعش کی شاخ کے لیے بھرتیاں کرتا ہے۔

پابندی فہرست میں کئی منی ایکسچینج ہاؤسز اورترکی میں ایک جیولری کمپنی بھی شامل ہے، جبکہ پابندی قوانین کے مطابق ان افراد کی امریکا میں جائیدادیں ضبط ہوسکیں گی اور ان کے ساتھ کاروبار پر پابندی ہوگی۔

تازہ ترین