• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی رہنماؤں کو کسی صورت فراموش نہیں کریں گے،بی این پی

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ شہید نواب امان اللہ زہری کی شہادت سے جو خلاءپیدا ہوا ہے اسے پر کرنے کیلئے مدتیں درکار ہوں گی بلوچستانی عوام شہید رہنماءکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے قتل میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کے لئے 22ستمبر کو کوئٹہ میں احتجاجی جلسے میں شرکت کر کے یہ ثابت کریں گے کہ بلوچ عوام اپنے قومی رہنماؤں کو کسی صورت فراموش نہیں کریں گے جنہوں نے سرزمین اور قومی حقوق کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری ‘ ضلعی جوائنٹ سیکرٹری حاجی عبدالغفور سرپرہ ‘ ضلعی سیکرٹری اطلاعات یونس بلوچ ‘ میر غلام مصطفی سمالانی ‘ ڈاکٹر قہار سرپرہ ‘ ملک عبدالودود مشوانی اور نعیم بلوچ نے 22ستمبر کے جلسہ کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں کلی محمد خان سمالانی میں پنجپائی کے متعلقہ یونٹوں کے عہدیداروں کی کارنر میٹنگ سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور بلوچ قوم آج جن سنگین مسائل و مشکلات سے دوچار ہے بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے بلوچ قوم کو بی این پی کے سہ رنگہ بیرک کے سائے تلے متحد و منظم ہو کر ان ناانصافیوں کے خلاف اپنا عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید نواب امان اللہ زہری اور ان کے خاندان نے انگریز دورسے لے کر آج تک بلوچستان کے دفاع اور بلوچ قوم کے قومی حقوق کے لئے قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے سے دریغ نہیں کیا بی این پی بلوچستان میں ہزاروں کی تعداد میں نظریاتی اور فکری کارکنوں پر مشتمل قومی تحریک کے ہر اول دستے کی شکل میں موجودہ قومی تحریک پر مضبوط گرفت رکھتی ہے اسے کسی منفی اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ حکمرانوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر 22ستمبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل اور ذمہ داریاں دی گئیں۔
تازہ ترین