وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کی بھارتی وزیرِ اعظم مودی کی امریکا آمد پر بڑے پیمانے پر احتجاج کی تیاریاں زوروں پر ہیں، وہ اس حوالے سے حکمتِ عملی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
زلفی بخاری کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق انہوں نے اس سلسلے میں امریکا میں پاکستانیوں، کشمیریوں، پارٹی رہنماؤں کے علاوہ مختلف مسلم تنظیموں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ زلفی بخاری نے ترکی، بنگلا دیش اور عرب ممالک کی مسلم تنظیموں کے نمائندوں کو ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اقدام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کشمیری رہنما غلام نبی فائی کی سربراہی میں کشمیری قیادت نے زلفی بخاری سے ملاقات کی اور 27 ستمبر کے احتجاج پر مشاورت کی۔
یہ بھی پڑھیئے: زلفی بخاری نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا
زلفی بخاری کا اپنے اعلامیے میں یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا امریکا میں استقبال اور خطاب دونوں ہی تاریخی ہوں گے۔