روم (اے پی پی)اٹلی کے ایک سیاحتی شہر ٹسکانی میں ”سپر بگ“ کے حملے کے بعد حکام نے ہسپتالوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس ’سپربگ‘ کا تعلق نئی دہلی سے بتایا جا رہا ہے۔سپر بگ ایک طبی اصطلاح ہے جس سے مراد ایسے جراثیم ہیں جو اپنے اندر اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا کر لیتے ہیں اور زیادہ تر جراثیم کش ادویات ان پر قابو پانے میں ناکام رہتی ہیں۔ٹسکانی پر سپر بگ کا حملہ گزشتہ سال نومبر میں منظر عام پر آیا تھا جب کم از کم 75 افراد اس کا نشانہ بن کر ہسپتال پہنچ گئے تھے۔صحت کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کے مختلف ہسپتالوں میں اس بیکٹیریا سے کم ازکم 31 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ پیسا کے علاقے میں، جو سیاحت کا ایک بڑا مرکز ہے، سپر بگ کے حملے کے 31 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہسپتالوں کا کنٹرول اس لیے سنبھال لیا ہے تاکہ صحت کے مراکز میں سپر بگ کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل ہونے سے روکنے کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جا سکیں۔ٹسکانی میں حملہ آور ہونے والے سپر بگ کے متعلق بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے یہ 2010ءمیں بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی میں ظاہر ہوا تھا۔ اور وہاں اس کے خلاف اینٹی بائیوٹک دوائیں بے اثر ہو گئی تھیں۔