تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: صنم لاج
ملبوسات Nida's Collection:
ڈیزائنر: کامران عقیل
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: عالیہ نثار
لے آؤٹ: نوید رشید
محبّت کے بھی اپنے ہی رنگ، روپ، انداز، احساس ہیں کہ اگر مَن میت مُسکرا دے تو دُنیا کسی جنّت سے کم نہیں لگتی۔ روٹھ جائے، تو دِل کی نگری جیسے اُلٹ پلٹ سی ہوجاتی ہے۔ اور یہ بھی سچ ہے کہ محب ساتھ ہو، نہ ہو، مگر اُس کی محبّت سایا بن کر ساتھ ساتھ ہی رہتی ہے۔ وہ بشیر بدر نے کہا تھا ناں کہ؎’’محبّت ایک خوشبو ہے، ہمیشہ ساتھ ساتھ چلتی ہے…کوئی انسان تنہائی میں بھی تنہا نہیں رہتا‘‘اور یہ بھی کہ؎ــمَیں ہر حال میں مُسکراتا رہوں گا…تمہاری محبّت اگر ساتھ ہوگی‘‘۔تو جب کسی کی محبّت کی لَو اچانک ہی دِل میں جل اُٹھے، تو چہار سُو رنگ ہی رنگ بکھرے نظر آنے لگتے ہیں۔ اور اس بار ہم نے اپنی بزم آپ کی محبّت بَھری دُنیا کو کچھ اور بھی حسین و رنگین بنانے کے لیے بہت ہی کِھلے کِھلے، حسین و دِل کش سے رنگ و انداز سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے تو ،سُرخ پرنٹڈ کُرتی کے ساتھ سیاہ رنگ ٹائٹس کا انداز کیسا بھلا لگ رہا ہے۔ پھر ایک جانب بلیو رنگ جینز کے ساتھ گہرے زرد رنگ کی فلورل پرنٹڈ کُرتی کا انتخاب ہے،تو چوکور خانوں کے دِل کش پرنٹ سے آراستہ ملٹی شیڈڈ کُرتی کے بھی کیا ہی کہنے۔ اِسی طرح سیاہ، سفید، سُرخ، جامنی، پیلے اور نارنجی رنگوں کے حسین امتزاج میں شوخ و شنگ سی پرنٹڈ کُرتی کا جلوہ ہے، تو سُرخ و گلابی گُلوں کے پرنٹ سے آراستہ گھیردار قدرے لمبی ائیر لائن فراک کے اندازِ جداگانہ کا بھی جواب نہیں۔
کہیے، کیسی لگی آپ کو ، محبّت کے رنگوں سے گندھی، حسین و دِل کش ملبوسات سے آراستہ ہماری یہ بزم۔