• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سمیت ملک بھر میں ڈینگی کے ہزاروں کیس رپورٹ

ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس نے اپنا جال پھیلا دیا، کراچی، اسلام آباد، پشاور، لاہور، راول پنڈی، ملتان، فیصل آباد، بہاول پور اور جھنگ میں تاحال ڈینگی کے ہزاروں کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ڈینگی کنٹرول پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ نومبر تک سردی نہ بڑھی تو پنجاب میں ڈینگی کا حملہ شدت اختیار کر جائےگا ۔

کراچی میں صرف ستمبر کے 15 روز میں 480 سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔

ترجمان انسداد ڈینگی پروگرام کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ کیسز کراچی کے ضلع غربی میں رپورٹ ہو رہے ہیں، رواں سال کراچی میں ڈینگی وائرس سے 8 افراد انتقال کرچکے ہیں

راولپنڈی میں اب تک 1600 افراد ڈینگی کے مرض کا شکار بن چکے ہیں، ہولی فیملی اسپتال میں مرض میں مبتلا ایک اور شخص جان سے چلا گیا جس کے بعد پنجاب میں ڈینگی سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 5 ہو گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راول پنڈی میں ڈینگی کے شکار 82 افراد اسپتالوں میں پہنچائے گئے، اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 81 تک پہنچ گئی۔

راولپنڈی کے بعد لاہور میں بھی ڈینگی تیزی سے پھیل رہا ہے، وزیرِ صحت پنجاب یاسمین راشد کہتی ہیں کہ متعلقہ اداروں نےڈینگی سرویلنس میں کوتاہی برتی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کےمطابق صوبے میں گزشتہ24 گھنٹوں کےدوران مزیدایک سو 78 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے،جن میں سے 82مریضوں کا تعلق راولپنڈی سے، 81 کا اسلام آباد سے ،4 کا لاہور سےاور2کاجھنگ سے ہے۔

راولپنڈی میں اب تک 1ہزار 649جبکہ لاہور میں 42 افراد ڈینگی بخار سے متاثرہوئے ہیں ، اس سال اب تک ایک ہزار 801 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوچکی ہے۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے موجودہ صورتِ حال میں ڈینگی کے مزید مریضوں کے سامنے آنے کا خدشہ ہے، سرویلنس میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف انکوائری مکمل کرلی ہے، ان کے خلاف ایکشن بھی لیا جائے گا۔

ڈینگی کنڑول پروگرام کے انچارج کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے بعد لاہورمیں بھی ڈینگی تیزی سے پھیل رہا ہے ،اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ وبا کی شکل اختیار کرلے گا۔

محکمۂ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ شہری اپنے اپنے گھروں کی صفائی یقینی بنائیں، شام اور صبح کے وقت آدھی آستین والی قمیض پہن کر گھر سے باہر نہ نکلیں۔

فیصل آباد میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی، بہاول پور ریجن میں رواں سال ڈینگی کے 2 ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے۔

ضلع رحیم یار خان میں اس سال ایک ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے، ڈینگی نے سندھ میں بھی پنجہ گاڑ لیا ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے اوپر چلی گئی۔

خیبر پختون خوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار تک جا پہنچی ہے۔

تازہ ترین