• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمبرگ میں بھارتی مظالم کیخلاف انڈین قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ

ہمبرگ (پ ر) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، بھارت کے ظلم اور بربریت ، انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف بھارتی قونصلیٹ ہمبرگ کے سامنے احتجاجی مظاہروں اور مارچ کیا گیا مختلف کشمیری اور پاکستانی جماعتوں مساجد اورعلمائے کرام کے تعاون سے منعقدہ مظاہرے میں بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں ، ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کیا گیا، مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے کہ بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے، کرفیو ختم کیا جائے، کشمیر کو بیرونی دنیا کے لیے میڈیا اور ریلیف کے لئے کھولا جائے، بھارت کشمیریوں کی نسل کشی بند کرے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لئے مداخلت کرے ۔ مظاہرے کی قیادت تحریک کشمیر جرمنی ہمبرگ کے صدر ریاض شاہد گھمنتحریک انصاف،مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی کے رہنما رانا عامر محمود، نذیر وارسی، حافظ عظیم، چوہدری شہزاد، فرید شاہ اور دیگر کمیونٹی رہنما کر رہے تھے۔ سیاسی اور سماجی رہنمائوں نے کہا کہ عالمی امن اور انسانیت کے علمبردار مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات کے پیش نظر اورچھ ہفتوں سے مسلسل ظلم اور بربریت کا بازار بند کرانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں تاکہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی بند کرے، کشمیر سے بھارتی فوج کو نکالا جائے اور کشمیریوں کو یہ حق دیا جائے کہ وہ اپنی مرضی اور امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ کمیونٹی رہنمائوں نے یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لانے کا خیر مقدم کیا اور یورپین ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر کے موجودہ سنگین اور تشویشناک حالات کے پیش نظر کشمیریوں کی بھرپور حمایت اور مدد کرے، بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد کرایا جائے اور خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرایا جائے اور کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے۔
تازہ ترین