قومی ہاکی ٹیم کے لئے ٹوکیو اولمپکس 2020ء میں جگہ حاصل کرنے کا آخری موقع ہالینڈ کے ساتھ 2 کوالیفائر میچ ہیں۔
ایمسٹرڈیم میں میزبان ٹیم کے ساتھ پاکستان ہاکی ٹیم یہ 2 میچ 26 اور 27 اکتوبر کو کھیل رہی ہے، قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر اولمپئن خواجہ جنید کہتے ہیں کہ ہم مانتے ہیں کہ دونوں اہم میچ ہیں اور ہمارے لئے اولمپک میں جگہ بنانے کے لئے ان میچوں میں فتح لازمی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ہالینڈ کی ٹیم عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم ہے، ان کی تیاری کا معیار ہم سے کہیں بہتر ہے، البتہ اس بات سے قطع نظر ہم پوری کوشش کریں گے کہ مثبت انداز میں کھیلیں اور اولمپک کے لئے کوالیفائی کرسکیں ۔
ہالینڈ کے خلاف اولمپک کوالی فائر سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر جرمنی کی ٹیم 2 میچ کھیلنے پر رضا مند ہوگئی ہے۔
اس سے قبل بلجیئم نے قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے معذرت کر لی تھی۔
دوسری جانب عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم جرمنی ابتداء میں قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ دو پریکٹس میچ 23 اور 24 اکتوبر کو کھیلنے کی خواہش رکھتی تھی، تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر اب یہ میچ 22 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
توقع ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 19یا پھر 20 اکتوبر کو ہالینڈ روانہ ہوگی، اور بذریعہ بس جرمنی روانہ ہوگی، جہاں 2 میچ کھیلنے کے بعد ہالینڈ واپس آئے گی۔