• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفیرِ پاکستان برائے بلجیم، لگسمبرگ اور یورپین یونین  ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے۔

  برسلز پریس کلب میں عالمی یوم امن کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے ظہیر اسلم جنجوعہ نے خطاب کیا، جس کا عنوان ’کشمیر میں بھارتی کارروائیوں کے علاقائی اور بین الاقوامی امن پر مضمرات‘ تھا۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ کشمیر میں 5 اگست کو بھارت کی طرف سے کیے جانے والے یک طرفہ اقدامات اور ان کے ساتھ مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے ڈھائے جانے والے مظالم خطے کے امن اور سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارتی جیلوں میں ہزاروں کشمیری بے خطا قید

  ظہیر جنجوعہ نے مزید کہا کہ اس قسم کے اقدامات اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، کیونکہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر گزشتہ ستّر سالوں سے موجود ہے۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ 16 اگست کو ہونے والی سیکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں مسئلہ کشمیر کی عالمی سطح پر متنازع حیثیت کو ایک بار پھر تسلیم کیا جا چکا ہے۔

 سفیرِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم بشمول ممنوع کلسٹر بموں کے استعمال اور بے گناہ لوگوں کو بڑی تعداد میں حراست میں لیے جانا اور 10 لاکھ کے قریب بھارتی فوج کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بھارت 5 اگست کو کیے گئے یک طرفہ اقدامات کو واپس لے اور فوری طور پر کرفیو کو اٹھا کر عام لوگوں پر سے پابندیاں ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے آزادانہ انکوائری کمیشن کو تحقیقات کی اجازت دے۔

کانفرنس سے بلجیم کے سینیٹر ممپا کا برٹن خاتون صحافی انیتا بولاندی اور اسٹوڈنٹ لیڈر وم کنیپن نے کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے یورپین یونین اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں اور بنیادی ضروریات کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔

  کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں سیاسی اور سماجی رہنما حاجی وسیم اختر، کشمیر کونسل ای یو کے چیئر مین علی رضا سید، کونسلر ناصر چوہدری، کونسلر عامر نعیم، سابق ممبر برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور، خالد جوشی، سردار صدیق خان، سید شکیل حیدر، ڈاکٹر اسماعیل، پرویز ملک، چوہدری نصیر، پختون ایسوسی ایشن کے عرب گل، نوید خان، امجد شاہ اور حاجی منیر قابل ذکر ہیں، جبکہ سفارت خانے کے تمام افسران اور عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا۔

تازہ ترین